پاکستان کا جی ایس پی پلس درجہ معطل کرانے کی درخواست پر یورپی پارلیمنٹ نے کارروائی بند کردی

یورپ (قدرت روزنامہ)یورپی پارلیمنٹ کی کمیٹی برائے درخواستوں نے پاکستان کا جی ایس پی پلس تجارتی درجہ عارضی طور پر معطل کرانے سے متعلق بلوچ نیشنل موومنٹ (بی این ایم) کی درخواست پر مزید کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس کی فائل بند کردی۔
بی این ایم کے میڈیا کوآرڈینیٹر جمال بلوچ نے 3 جولائی 2026 کو یورپی پارلیمنٹ میں درخواست جمع کرائی تھی، جس میں بلوچستان میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کا حوالہ دیتے ہوئے یورپی یونین سے پاکستان کی جی ایس پی پلس تجارتی سہولت عارضی طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
درخواست نمبر 1730/2026 کے حوالے سے 24 نومبر کو جاری کیے گئے خط میں کمیٹی کے چیئرمین بوگدان روزونکا نے درخواست گزار کو آگاہ کیا کہ معاملہ یورپی یونین کے دائرہ اختیار میں آتا ہے، اس لیے اسے قابلِ سماعت قرار دیا گیا۔ درخواست کو معلومات کے لیے یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ امور کمیٹی، ذیلی کمیٹی برائے انسانی حقوق اور جنوبی ایشیا سے تعلقات کے وفد کو بھی بھجوایا گیا۔
تاہم کمیٹی نے اپنے خط میں واضح کیا کہ وہ درخواست پر مزید کارروائی نہیں کرسکتی، اس لیے فائل بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس پیشرفت کا مطلب یہ ہے کہ درخواست کے نتیجے میں پاکستان کے جی ایس پی پلس درجے کی معطلی کے لیے کوئی سفارش یا کارروائی سامنے نہیں آئی۔
پاکستان کو 2014 سے جی ایس پی پلس سہولت حاصل ہے، جس کے تحت اسے یورپی منڈیوں میں ترجیحی تجارتی رسائی ملتی ہے۔ اس سہولت کا تعلق انسانی حقوق، مزدوروں کے حقوق، ماحولیاتی تحفظ اور بہتر طرزِ حکمرانی سمیت 27 بین الاقوامی معاہدوں پر عمل درآمد سے ہے۔
یورپی کمیشن نے 16 جولائی 2026 کو پاکستان کی 2023 سے 2025 کے دوران جی ایس پی پلس سے متعلق ذمہ داریوں پر عمل درآمد کی جائزہ رپورٹ بھی جاری کی تھی۔ رپورٹ میں بعض شعبوں میں پیشرفت کا ذکر کرنے کے ساتھ متعدد معاملات میں خامیوں اور عمل درآمد کے مسائل کی نشاندہی بھی کی گئی تھی۔
