جنوبی پنجاب کی بیٹیاں پاکستان کا روشن مستقبل ہیں: مریم نواز


لاہور(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی بیٹیاں پاکستان کا روشن مستقبل ہیں، جنوبی پنجاب کی باصلاحیت بیٹیاں عالمی سطح پر خواتین کو ٹف ٹائم دیں گی۔
ویمن یونیورسٹی ملتان کے آٹھویں کانووکیشن کے موقع پر طلباء سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ آپ سب سے ملنے کے لیے بے حد پُرجوش تھی، بچوں کی تعلیم کے لیے والدین بے حد قربانیاں دیتے ہیں، بیٹیاں ڈاکٹر، انجینئر، کاروباری شخصیت، رکن اسمبلی اور وزیر اعلیٰ بھی بن سکتی ہیں، کل کی کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور وزیر اعلیٰ بھی یہیں سے نکلیں گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے طالبات کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ذہنوں کو کھلا رکھیں اور خود کو ہرگز کمتر نہ سمجھیں، عورت گھر کے ساتھ ملک اور صوبہ بھی چلا سکتی ہے، صرف گھر نہیں بیٹھنا، اپنی صلاحیتوں کو ملکی ترقی کے لیے بروئے کار لانا ہے، اچھا استاد کتاب کھولتا ہے جبکہ عظیم استاد ذہن کھولتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خواتین کی معاشی خود مختاری ہی حقیقی بااختیاری کی مضبوط بنیاد ہے، خواتین آبادی کا 51 فیصد ہیں، ان کی شمولیت کے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں، میں نے خود بھی ہراسانی کا سامنا کیا ہے، تین سال قبل کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ پنجاب ایک خاتون چلائے گی۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ وسائل کی کمی کے باعث تعلیم سے محروم بچیوں تک سکالرشپ پہنچائیں گے، خواتین کو ہراسانی، تشدد اور امتیازی سلوک سے مکمل تحفظ دینا حکومت کی ذمہ داری ہے، ، ملتان یونیورسٹی کی 1600 طالبات کو تعلیمی اسکالرشپ فراہم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ طالبات کو دسمبر سے سکوٹیز ملنا شروع ہو جائیں گی، 22 ارب روپے کی لاگت سے ایک لاکھ سے زائد سکوٹیز فراہم کریں گے، سکوٹیز کے لیے لڑکوں سے زیادہ لڑکیوں کی درخواستیں آئیں، یہی حقیقی بااختیاری ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ میری اپنی پارٹی کے لوگوں اور شہباز شریف کو بھی میرے وزیر اعلیٰ بننے پر ڈر لگتا تھا، آج ہم نے محنت اور کارکردگی سے پوری دنیا میں اپنے آپ کو منوایا ہے، ایک لاکھ مفت گوگل سرٹیفکیٹ دیے جا رہے ہیں، میں نے اعلیٰ سطح پر سفارش کلچر کا مکمل خاتمہ کر دیا ہے، اب پنجاب میں جینڈر نہیں بلکہ صرف میرٹ دیکھا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سڑک پر بیوی پر سرعام تشدد کرنے والے شوہر کی ویڈیو سامنے آئی، تشدد کی ویڈیو پر کسی نے لکھا مریم نواز ہوتی تو فوری ایکشن لیتی، ایسی صورتحال میں خوف کو اپنے پاس نہ آنے دیں، والدین اور حکومت پر اعتماد رکھیں، خواتین کے لیے پنک موبائل پولیس کال کرنے پر گھر کی دہلیز پر آئیں گے، والدین متاثرہ بچی کا ساتھ دیں اور ملزم کو کیفرِ کردار تک پہنچانے میں مدد کریں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ آپ کی ماں مریم نواز پوری قوت سے آپ کے ساتھ کھڑی ہے، عوامی جگہوں پر خواتین کے ساتھ بدسلوکی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، اپنے ملک کو برا نہیں کہنا، اپنے ملک کے خلاف کبھی نہیں جانا، پنجاب کی بیٹیوں، ماؤں اور بہنوں کے لیے ایک محفوظ پنجاب بنا دیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert