لانگ مارچ دباؤ سے ختم نہیں ہوگا، کنجی عمران خان کے پاس ہے، شوکت یوسفزئی

پشاور(قدرت روزنامہ) پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ لانگ مارچ دباؤ سے ختم نہیں ہوگا، اس کی کنجی عمران خان کے پاس ہے۔
صوبے میں گورنر راج کی دھمکیوں پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے سیکریٹری اطلاعات و ترجمان شوکت یوسف زئی نےکہا ہے کہ لانگ مارچ کسی دباؤ کے تحت ختم نہیں ہوگا، مارچ ختم کرنے کی کنجی جیل میں بند عمران خان کے پاس ہے

شوکت یوسف زئی نے سوال اٹھایا کہ گورنر خیبرپختونخوا نے کس حیثیت میں چیف سیکریٹری اور آئی جی کو اجلاس میں طلب کیا۔ انہوں نے کہا کہ گورنر فیصل کنڈی اختیارات سے تجاوز کرچکے ہیں اور 18ویں ترمیم کے بعد گورنر کے پاس اخروٹ توڑنے کا بھی اختیار نہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وزیراعظم صرف میڈیا پر مذاکرات مذاکرات نہ کھیلیں، اگر ان کے پاس اختیارات ہیں تو اپوزیشن کے جائز مطالبات تسلیم کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ گورنر راج کی دھمکی دینے والوں کی اپنی پرفارمنس زیرو ہے۔

شوکت یوسف زئی نے کہا کہ حکومت ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے فیصلوں کا احترام کرے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان سے ملاقات اور انہیں اسپتال منتقل کرنے کے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ حکومت عمران خان کی بہنوں سمیت تمام اسیر خواتین کو رہا کرے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف منفی پروپیگنڈے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سہیل آفریدی محب وطن قبائلی نوجوان ہیں۔

شوکت یوسف زئی نے کہا کہ دہشت گردی عوام کا مینڈیٹ چھیننے سے ختم نہیں ہوگی۔ حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بیٹھ جائے کیونکہ مذاکرات سے ہی تمام مسائل حل ہوں گے۔

WhatsApp
Get Alert