جو کہے نیا صوبہ نہیں بن سکتا اس پر آرٹیکل 6لگنا چاہیے، محمد علی درانی

اگر حکومتیں راستہ نہ دیں تو نئے انتخابات کے ذریعے عوام سے فیصلہ لیا جائے، سابق وفاقی وزیر


لاہور(قدرت روزنامہ)سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات محمد علی درانی نے کہا ہے کہ آئین میں موجود شقوں کے تحت نئے انتظامی یونٹس اور صوبے بنانے کی مخالفت کرنے والوں پر آئین کے آرٹیکل 6کا اطلاق ہونا چاہیے،اگر حکومتیں راستہ نہ دیں تو نئے انتخابات کے ذریعے عوام سے فیصلہ لیا جائے۔ایک انٹر ویو میں گفتگو کرتے ہوئے محمد علی درانی نے بہاولپور، جنوبی پنجاب اور ہزارہ سمیت نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی آئینی اور سیاسی بنیادیں پہلے سے موجود ہیں، مخالفت کرنے والی جماعتیں اقتدار پر اپنی اجارہ داری برقرار رکھنا چاہتی ہیں۔
محمد علی درانی نے کہا کہ انتظامی یونٹس اور صوبوں کے درمیان بنیادی فرق کو سمجھنا ضروری ہے کیونکہ ڈویژنز، اضلاع اور تحصیلیں انگریز دور سے چلی آ رہی ہیں اور ان میں مسلسل اضافہ بھی ہوتا رہا ہے جس کی مثال پنجاب میں 18 کے قریب نئے اضلاع اور 5سے 6ڈویژنز کا قیام ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ اس آئینی یونٹ کو کہتے ہیں جس کے پاس اپنی قانون سازی کا اختیار، الگ انتظامی ڈھانچہ اور آئین میں طے شدہ حدود و اختیارات موجود ہوں۔
محمد علی درانی نے کہا کہ انہوں نے بھارت کی 8سے 28ریاستوں تک کی مثال اور دنیا بھر میں چھوٹے صوبوں و مقامی حکومتوں کی افادیت کو اجاگر کیا جس کے نتیجے میں 2012ء میں پنجاب اسمبلی نے بہاولپور اور جنوبی پنجاب صوبوں کے قیام کی متفقہ قرارداد منظور کی اور یہی صورتحال ہزارہ میں بھی دیکھنے میں آئی۔محمد علی درانی نے کہا کہ حالیہ برسوں میں 2بڑی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں، ایک یہ کہ پاکستان کے عوام میں شعور بیدار ہوا ہے اور دوسرا یہ کہ فوج اور سول سروسز جیسے اداروں میں مڈل اور لوئر مڈل کلاس سے میرٹ پر بھرتیاں اور ترقیاں ہوتی ہیں، جہاں ایک سپاہی یا صوبیدار کا بیٹا بھی چیف آف آرمی سٹاف بن سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام سمیت تمام جماعتوں اور ان کی قیادت بشمول میاں نواز شریف سے ان کی خود ملاقاتیں ہوئیں اور سب نے اصولی طور پر اس کی حمایت کی، مگر بعد میں اقتدار کی طوالت اور اپنی سیاسی اجارہ داری برقرار رکھنے کے لیے اس عمل کو روک دیا گیا۔اب جب عوام اور ادارے اس نکتے پر یکجا ہو رہے ہیں تو اقتدار میں بیٹھی جماعتیں پریشان ہیں کیونکہ انہیں خدشہ ہے کہ چھوٹے صوبوں اور مقامی حکومتوں کے قیام سے عام آدمی اور سڑکوں پر پھرنے والے نوجوان بھی قیادت کے لیے اہل ہو جائیں گے اور موروثی سیاست کا خاتمہ ہو جائے گا۔
محمد علی درانی نے کہا کہ اس وقت لاہور اور کراچی میں سازشوں کی دیگیں پک رہی ہیں اور تمام انتظامی و سیاسی وسائل کو بروئے کار لا کر نئے صوبوں کی راہ میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کی منفی چالوں کو کم تر نہیں سمجھنا چاہیے کیونکہ جہاں ایک طرف صدر مملکت والد ہوں اور بیٹا سڑکوں پر احتجاج کی بات کر رہا ہو۔دوسری طرف وزارت عظمی اور وزارت اعلی ایک ہی جماعت کے پاس ہونے کے باوجود وزرا آپس میں الجھ رہے ہوں اور صدر و وزیراعظم خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہوں، وہاں عوام کی رہنمائی کا فقدان واضح نظر آتا ہے۔
محمد علی درانی نے کہا کہ 3 نئے صوبوں کے قیام کا تمام قانونی اور آئینی ہوم ورک مکمل ہے اور خود مسلم لیگ (ن)نے 2019ء میں بہاولپور اور جنوبی پنجاب صوبوں کے قیام کے لیے قانون سازی کی کارروائی جمع کرائی تھی، اس لیے پارلیمنٹ فوری طور پر قانون سازی کر کے ان صوبوں کا اعلان کر سکتی ہے۔محمد علی درانی نے کہا کہ اگر موجودہ حکومتیں آئینی راستے سے صوبے نہیں بناتیں تو پھر وہ بلاول بھٹو زرداری کی اس تجویز کی حمایت کریں گے کہ اسمبلیاں توڑ کر نئے انتخابات کرائے جائیں تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات شفاف ہوں گے، فارم 47کا سہارا نہیں ملے گا اور یہ الیکشن نئے صوبوں کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان ریفرنڈم ثابت ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کسی خفیہ ڈیل کے قائل نہیں ہیں اور اپنا مقدمہ عدالتوں کے ذریعے لڑ رہے ہیں، جبکہ ان کی غیر موجودگی میں باہر موجود قیادت کی محدود تربیت کے باوجود وہ خود معاملات کو بہتر انداز میں دیکھ رہے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert