وزیر اعلیٰ بلوچستان کا پوری تحصیل گوادر کو میونسپل کارپوریشن کا درجہ دینے کا اعلان، بلدیاتی ادارے کی استعداد کار بڑھانے کے لیے اضافی فنڈز فراہم کیے جائیں گے، میر سرفراز بگٹی


گوادر(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے دورہ گوادر کے موقع پر میونسپل کارپوریشن گوادر کی عمارت کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بلدیاتی ادارے کی کارکردگی، انتظامی اصلاحات، دستیاب سہولیات اور صفائی ستھرائی کے نظام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ، انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان، صوبائی وزراء، کمشنر مکران ڈویژن ڈاکٹر طفیل احمد بلوچ، ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ اور دیگر متعلقہ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔


چیئرمین میونسپل کارپوریشن گوادر ماجد جوہر اور متعلقہ حکام نے وزیر اعلیٰ کو ادارے کی مجموعی کارکردگی، انتظامی اصلاحات اور شہری سہولیات کی بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے میونسپل کارپوریشن گوادر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود بلدیاتی قیادت اور انتظامیہ نے بہتر حکمت عملی، شفافیت اور بدعنوانی کی روک تھام کے ذریعے ادارے کو ایک مؤثر اور فعال ماڈل بنایا ہے۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن کی عمارت کی تزئین و آرائش، جدید انتظامی نظام، ڈیجیٹل لیب کے قیام، میونسپل پولیس اور فائر بریگیڈ کی تشکیل سمیت صفائی ستھرائی کے لیے جدید سویپنگ مشینوں کی فراہمی کو قابل تحسین اقدامات قرار دیا۔


وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گوادر میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی بلوچستان کے دیگر بلدیاتی اداروں کے لیے قابل تقلید مثال ہے۔ اس تجربے سے ظاہر ہوتا ہے کہ اداروں کی بہتری کے لیے صرف اضافی وسائل ہی نہیں بلکہ موجودہ وسائل کا شفاف، ذمہ دارانہ اور مؤثر استعمال بھی بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں میں بدعنوانی کی روک تھام اور مالی و انتظامی امور میں شفافیت یقینی بنا کر عوام کو بہتر شہری سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر پوری تحصیل گوادر کو میونسپل کارپوریشن کا درجہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے بلدیاتی خدمات کا دائرہ وسیع ہوگا اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے گی۔


انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن گوادر کی جانب سے ٹف ٹائلز سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے پیش کیے گئے مطالبات پورے کیے جائیں گے جبکہ ادارے کی استعداد کار میں اضافے کے لیے صوبائی حکومت اضافی فنڈز بھی فراہم کرے گی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبائی حکومت گوادر میں بلدیاتی نظام کو مزید مؤثر اور فعال بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ شہریوں کو صفائی ستھرائی، بنیادی سہولیات اور معیاری میونسپل سروسز کی فراہمی کے لیے ادارہ جاتی اصلاحات اور انتظامی استعداد کار میں بہتری ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گوادر میونسپل کارپوریشن کے کامیاب انتظامی تجربے کو صوبے کے دیگر بلدیاتی اداروں تک وسعت دینے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

WhatsApp
Get Alert