مکران روٹ پر مسافر بسوں کے ذریعے ایرانی تیل کی نقل و حمل پر مکمل پابندی، خلاف ورزی کرنے والی ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت جمعہ کے روز گوادر میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں مکران روٹ پر چلنے والی مسافر بسوں کے ذریعے ایرانی تیل کی نقل و حمل پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں واضح ہدایات جاری کی گئیں کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والی مسافر بسوں اور متعلقہ ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مسافر بسیں عوام کی محفوظ سفری سہولت کے لیے ہیں، انہیں تیل کی غیر قانونی نقل و حمل کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
متعلقہ حکام پابندی پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنائیں اور خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں اجلاس میں وزیر اعلیٰ کی ہدایات کی روشنی میں مکران ڈویژن کے اضلاع گوادر، کیچ اور پنجگور میں عوامی مسائل کے حل، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے سیکرٹریز کمیٹی کے حالیہ دورے کی جامع رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات زاہد سلیم نے اجلاس کو عوامی کھلی کچہریوں، تعلیمی و طبی مراکز کے معائنے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوامی شکایات کے ازالے اور محکموں کی کارکردگی میں بہتری کے لیے مسائل کو تین مراحل میں تقسیم کرتے ہوئے فوری اقدامات کے لیے 7 سے 10 روز، درمیانی مدت کے اقدامات کے لیے 20 روز اور طویل المدتی اقدامات کے لیے 60 روز کی واضح مدت مقرر کی جائے گی۔ تمام متعلقہ محکمے مقررہ مدت میں عملی پیش رفت یقینی بنائیں گے شعبہ تعلیم کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ مکران ڈویژن میں مجموعی طور پر 1,472 اسکول اور 10,236 تدریسی و غیر تدریسی ملازمین خدمات انجام دے رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے اساتذہ اور دستیاب وسائل کی ضروریات کے مطابق ریشنلائزیشن، اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت، اسکولوں میں قومی پرچم لہرانے اور قومی ترانے کے اہتمام سمیت ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے نظام کو مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔ زیر تعمیر کالجوں کی تکمیل تک متبادل تعلیمی انتظامات، مکران بورڈ تربت کو بااختیار بنانے، امتحانی نظام میں شفافیت اور طلبہ کی سہولت کے لیے آن لائن خدمات کے فروغ پر بھی زور دیا گیا۔ اجلاس میں ڈویژن کی 107 اسکول بسوں کو فعال بنانے کے لیے ایندھن اور ڈرائیورز سے متعلق فنڈز کے اجرا کی منظوری بھی دی گئی۔ شعبہ صحت کے حوالے سے ہسپتالوں اور طبی مراکز کی فعالیت، طبی عملے کی دستیابی، ادویات کی فراہمی اور ہنگامی طبی سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں گوادر کے ڈی ایچ کیو ہسپتال اور جی ڈی اے ٹراما سینٹر کے مؤثر انتظام و انصرام اور فعالیت کے لیے دس روز میں جامع منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔ نئے ضلع تمپ میں 50 بستروں کے ہسپتال کی تعمیر تک آر ایچ سی میں طبی سہولیات یقینی بنانے اور وبائی امراض سے بچاؤ کے لیے ضروری ادویات اور ویکسین کی دستیابی برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں آبنوشی کے منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے شادی کور، دَسی ڈیم، جیونی سمیت مختلف آبی ذخائر، ڈی سیلینیشن پلانٹس اور گوادر و پسنی کو پانی کی فراہمی کے نظام سے متعلق مسائل کے پائیدار حل کے لیے اقدامات کی ہدایت کی گئی۔ اسی طرح تربت، مند روڈ، ناہنگ پل اور دیگر جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے پر زور دیا گیا، جبکہ زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں فصلوں اور باغات کو بیماریوں اور کیڑوں سے محفوظ رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کی بھی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گوادر میں جن سرکاری محکموں کے اپنے دفاتر موجود نہیں، انہیں ڈسٹرکٹ اینڈ صوبائی کمپلیکس گوادر میں دفاتر فراہم کرکے منتقل کیا جائے گا تاکہ سرکاری امور کی انجام دہی اور عوام کو خدمات کی فراہمی میں سہولت ہو۔ نئے ضلع تمپ میں بھی تمام سرکاری محکموں کا انتظامی ڈھانچہ جلد مکمل کیا جائے گا اجلاس کو بتایا گیا کہ سیکرٹریز کمیٹی کے دورے کے دوران سامنے آنے والے عوامی مسائل کا مقررہ مدت میں عملی ازالہ کیا جائے گا، جبکہ متعلقہ محکموں کی کارکردگی اور پیش رفت کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل میں تاخیر یا غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے اور طے شدہ اقدامات کو محض کاغذی کارروائی تک محدود رکھنے کے بجائے ان کے نتائج عوام تک پہنچائے جائیں۔
