پنجاب میں مفت تعلیم دینے والے اسکولوں کا معیار نجی تعلیمی اداروں سے بہتر ہے، مریم نواز

اگر امیر کا بچہ لاکھوں روپے فیس دے کر اچھے اسکول میں پڑھ سکتا ہے تو آج آپ کی وزیراعلیٰ نے پنجاب میں ایسے اسکول قائم کر دیے ہیں جہاں فیس صفر ہے، لیکن تعلیم کا معیار کسی بھی بڑے نجی اسکول سے بڑھ کر ہے، اب آپ کی تعلیم کی ذمہ داری آپ کی اس ماں مریم نواز کی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب کا خطاب


چکوال(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ اگر صاحبِ حیثیت افراد کے بچے لاکھوں روپے فیس ادا کرکے بڑے نجی اسکولوں میں تعلیم حاصل کرسکتے ہیں تو پنجاب میں ایسے اسکول بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں بچوں کو مفت تعلیم فراہم کی جا رہی ہے اور ان کا تعلیمی معیار بڑے نجی اسکولوں سے بھی بہتر ہے۔ یونیورسٹی آف چکوال میں اسکالر شپ اور لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ میں سے بہت سے بچے جانتے ہوں گے کہ ان کے والدین نے انہیں تعلیم دلوانے کے لیے کتنی قربانیاں دی ہیں۔
کسی کی والدہ نے اسکول کی فیس ادا کرنے کے لیے کمیٹیاں ڈالیں، کسی نے گھر کی کوئی چیز فروخت کی، جبکہ بعض والدین نے اپنی ضروریات قربان کرکے بچوں کی تعلیم کے اخراجات پورے کیے۔
انہوں نے کہا کہ بہت سے والدین ایسے بھی ہیں جن کے لیے گھر کا کچن چلانا، علاج معالجے کے اخراجات پورے کرنا اور بجلی کے بل ادا کرنا مشکل ہوتا ہے، لیکن اس کے باوجود وہ بچوں کی تعلیم کے لیے اپنی محدود آمدنی میں سے رقم نکالتے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ طلبہ کے والدین نے محنت اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے بچوں کو اس مقام تک پہنچایا۔ والدین نے اپنی ذمہ داری پوری کردی، اب بچوں کی تعلیم اور بہتر مستقبل کی ذمہ داری حکومت پنجاب اٹھائے گی۔ وزیراعلیٰ نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب آپ کے والدین کو اپنی جیب سے تعلیم کے اخراجات پورے کرنے کی فکر نہیں کرنی چاہیے، کیونکہ ان کی تعلیم کی ذمہ داری ان کی ماں مریم نواز شریف نے اٹھا لی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ان شاء اللہ حکومت پنجاب بچوں کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی تاکہ مالی مشکلات کسی بچے کی تعلیم کی راہ میں رکاوٹ نہ بنیں۔

WhatsApp
Get Alert