کراچی (قدرت روزنامہ)اسلام آباد کی جیل ہو،لاہورکی ہو یاسندھ کی جیل ہو ، دو قانون چلتے ہیں، شاہ رخ جتوئی سمیت کسی بھی قیدی کو علاج کا حق ہے، شاہ رخ جتوئی کا اسپتال میں رہنےکا معاملہ، بلاول نے سندھ حکومت کو بری الذمہ قرار دیدیا . چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہےکہ قتل کے مجرم شاہ رخ جتوئی کے جیل کے بجائے اسپتال میں رہنے میں حکومت کا کوئی کردار نہیں ہے .
اسلام آباد میں میڈیا سےگفتگو میں شاہ رخ جتوئی کے حوالے سے سوال کے جواب میں بلاول نے تحقیقاتی رپورٹ سے پہلے ہی سندھ حکومت کو بری الذمہ قرار دے دیا . بلاول کا کہنا تھا کہ اس پر انکوائری کمیشن بنایا گیا ہے، آپ جانتے ہيں کہ پورے ملک کا نظام کیسا ہے . چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کی جیل ہو،لاہورکی ہو یاسندھ کی جیل ہو ، دو قانون چلتے ہیں، وہ اس کے خلاف ہیں، وہ کسی قاتل کی مدد نہیں کرنا چاہیں گے .
ان کا مزید کہنا تھا کہ شاہ رخ جتوئی سمیت کسی بھی قیدی کو علاج کا حق ہے، وزیراعلیٰ سندھ اور وزیر صحت نے شاہ رخ جتوئی کے معاملے پر انکوائری کا حکم دے دیا ہے . اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شاہ زیب قتل کیس کے مجرم شاہ رخ جتوئی کی جیل کے بجائے اسپتال میں رہنے کی خبر پر انوکھی منطق پیش کی تھی . کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں مراد علی شاہ نے معصوم لڑکے کے قاتل شاہ رخ جتوئی کے معاملے کو سانحہ مری سے جوڑ دیا تھا .
شاہ رخ جتوئی سے متعلق سوال پر وزیراعلیٰ سندھ نے شاہ زیب قتل کیس کے مجرم سمیت کم از کم 20 سزا یافتہ مجرموں کے خلاف قانون جیل کے بجائے اسپتالوں میں رہنے اور شہر میں آزادانہ گھومنے کو عام سی غلطی تصور کرلیا . مراد علی شاہ نے کہا کہ شاہ رخ جتوئی اور دیگر مجرم اسپتال میں ہیں لیکن سانحہ مری کی طرح کوئی مراتو نہیں . انہوں نے ذمہ داری انتظامیہ پر ڈالتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کی مکمل انکوائری ہوگی اور جو بھی ملوث ہوا اسے سزا دی جائے گی .