پاکستان

خطرناک وبا۔۔این سی او سی نے بڑی پابندیاں لگا دیں

(قدرت روزنامہ)نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی )نے کورونا سے متعلق نئی پابندیوں کی منظوری دیدی،خطرناک وائرس کی روک تھام کیلئے کورونا کی نئی پابندیاں صوبوں کی مشاورت سے تیار کی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں  کراچی ، لاہور ، اسلام آباد سمیت ملک بھر میں کورونا کے10 فیصد سے زائد مثبت شرح والے شہروں کیلئے نئی پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

این سی او سی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پابندیوں کا اطلاق 20 جنوری سے 31 جنوری2022 تک ہو گا، 20 جنوری کے بعد اِن ڈور شادیوں ، کھانے اور اجتماعات پر پابندی ہوگی،این سی اوسی کا کہنا تھا کہ 12 سال سے زائد  عمر کےبچے صرف دونوں ویکسی نیشن کے بعد سکول جاسکیں گے، 10فیصد سے زائد شرح والے شہروں میں سینما50فیصدکیپسٹی کے ساتھ کھلے رہیں گے جبکہ 10فیصد سے کم شرح والے شہروں میں سینما100فیصدکیپسٹی کے ساتھ کھلے رہیں گے،این سی او سی  کی  نئی پابندیوں کے مطابق  10فیصد سے زائد شرح والے شہروں میں مزارت ،جمز اورپارکس 50فیصد گنجائش اورپبلک ٹرانسپورٹ میں 70فیصد مکمل ویکسی نیٹڈ افراد سفرکرسکیں گے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے فیصلہ کیاکہ  10فیصد سے کم شرح والے شہروں میں آوٹ ڈور 500افرادشرکت کرسکتے ہیں،اس کے علاوہ 10 فیصدتک کورونا شرح والے شہروں میں 300 افراد کو انڈور  تقریبات میں شرکت کی اجازت ہو گی اور 10 فیصد سے زائد شرح والے شہروں میں انڈور تقریبات پر مکمل پابندی عائد ہو گی،کورونا وائرس کے خاتمہ کےلئے یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ مکمل ویکسی نیٹڈ افراد ہی انڈور تقریبات میں شرکت کر سکیں گے۔

دوسری جانب ملک بھرمیں کورونا کے پھیلاؤ نے دوبارہ خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح 9 اعشاریہ 4 آٹھ فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کورونا وائرس سے 8 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 29 ہزار 37 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 لاکھ 38 ہزار 993 ہوگئی جبکہ  گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 472 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

متعلقہ خبریں