(قدرت روزنامہ)پیپلز پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں اقتدار میں آکر عوام کی مشکلات ختم کرے گی .
پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما شازیہ مری نے اپنے بیان میں کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا 27 فروری کا لانگ مارچ نالائق حکومت کے خلاف دمادم مست قلندر ہوگا .
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار دینے کی بجائے لنگر خانے کا راستہ دکھایا جارہا ہے، عمران خان غریبوں کی جھونپڑی مسمار کرکے پناہ گاہ کا ڈرامہ کررہے ہیں .
پیپلز پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات کا کہنا ہے کہ کسان کو نہ کھاد مل رہی ہے نہ فصلوں کی مناسب قیمت، غریب دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں .
شازیہ مری نے کہا کہ زندگی بچانے والی ادویات غریب لوگ نہیں خرید سکتے، پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں اقتدار میں آکر عوام کی مشکلات ختم کریگی .
چند روز قبل ہی پیپلز پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید نیئر حسین بخاری نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھاکہ چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے، 27 فروری کو بلاول بھٹو ملک بچانے نکلیں گے .
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے ساتھ جو معاہدہ ہوا تھا اس پر ہم آج بھی قائم ہیں، پی ڈی ایم کے اتحاد میں تمام جماعتیں تھیں، موجودہ پی ڈی ایم کی وہ حیثیت نہیں .
. .