وفاقی وزارت تعلیم کا بڑا اقدام، پرائمری طلبا کے لیے بستے ختم کر دئیے

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی وزارت تعلیم کا بڑا اقدام سامنے آیا ہے، پرائمری طلبا کے لیے بستے ختم کر دئیے۔وزارت تعلیم حکام کے مطابق پرائمری کلاس تک بچے سکول بستے نہیں لائیں گے۔ڈی جی وفاقی نظامت تعلیم کے مطابق کتابوں کا ایک سیٹ گھر جب کہ دوسرا سکول میں ہو گا۔نئے تعلیمی سال میں یہ نظام اسلام آباد میں لایا جائے گا۔
دوسری جانب بائی سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر نے کہا ہے کہ محفوظ تعلیمی ادارے ہی روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ محکمہ صحت پنجاب بھر میں مستقبل کے معماروں کو کورونا وائرس سے محفوظ بنانے کے لیے خصوصی ویکسی نیشن کیمپس لگا رہا ہے۔ تعلیمی اداروں میں 100فیصد ویکسی نیشن کو یقینی بنا کر ہی تعلیمی سرگرمیوں کو بلاتعطل جاری رکھا جا سکتا ہے۔

عمران سکندر بلوچ نے کہا کہ پنجاب کی تمام بڑی جامعات میں ویکسی نیشن کیمپس کا انعقاد کیا گیا۔ یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب کے 20 ہزار سے زائد طالب علموں کو گزشتہ سال ویکسینیٹ کیا گیا۔ یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب کے نئے آنے والے 5 ہزار سے زائد طالب علموں کو 15 روزہ کیمپ میں ویکسینیٹ کیا جائے گا۔ صوبائی سیکرٹری صحت نے کہا کہ سکولز اور کالجز میں بھی موبائل ویکسی نیشن کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
موبائل ٹیمز کلاس رومز اور امتحانی مراکز میں جا کر سہولت فراہم کر رہی ہیں۔اب تک پنجاب کی 52 فیصد آبادی کو مکمل ویکسینیٹ کر چکے ہیں۔ صوبائی سیکرٹری صحت نے مزیدکہاکہ پنجاب میں ریچ ایوری ڈور ویکسی نیشن مہم کا فیز 2 کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔ ویکسی نیشن اور احتیاطی تدابیر کے ذریعے ہی ہم کورونا وائرس کے تمام ویرینٹس کو شکست دے سکتے ہیں۔ پنجاب کی زیادہ سے زیادہ آبادی کو ویکسینیٹ کر کے کورونا وائرس کا مقابلہ کریں گے۔