پنجاب حکومت کو نوازشریف کے معاملے پر میڈیکل بورڈ کی رپورٹ موصول ہو گئی

لاہور(قدرت روزنامہ) وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ نوازشریف کے معاملے پرمیڈیکل بورڈ کی رپورٹ موصول ہو چکی ہے۔مسلم لیگ ن کے قائد کی رپورٹس محکمہ داخلہ کو بھجوا دی ہے،نوازشریف کو پاکستان واپس آکر سزا مکمل کرنی چاہئیے۔انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف کھاتے پیتے چلتے اور پھرتے نظر آ رہے ہیں۔نہ کبھی اسپتال داخل ہوئے نہ علاج کروایا،بظاہر نوازشریف صحت مند ہیں۔
یاسمین راشد نے کہا کہ نوازشریف کے معاملے پر میڈیکل بورڈ کی رپورٹ موصول ہو چکی ہے جو محکمہ داخلہ بھیجوا دی گئی ہے۔قبل ازیں پنجاب حکومت کے میڈیکل بورڈ نے نوازشریف کی رپورٹس کا جائزہ لیا تھا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ بورڈ نے نوازشریف کی صحت سے متعلق مہیا کیے گئے دستاویزات کو ناکافی قرار دیا ہے۔

میڈیکل بورڈ کے مطابق نوازشریف کی صحت سے متعلق دستاویزات محض ایک ڈاکٹر کی خط و کتابت ہے۔

خطوط کے ساتھ کہیں پر کسی مستند ادارے کی میڈیکل رپورٹ نہیں ہے۔میڈیکل بورڈ کے مطابق نوازشریف کے کون سے ٹیسٹ کب ہوئے اور کیا سامنے آیا، رپورٹس موجود نہیں جب کہ پلیٹس لیٹس، بون میروٹیسٹ سمیت دیگر میڈیکل ایشوز کی رپورٹس بھی موجود نہیں۔بورڈ کا کہنا تھا کہ مستند میڈیکل رپورٹس کے بغیر کیسے کسی سے متعلق رائے دے دیں۔ خط و کتابت میں مریض کے حوالے سے کیے گئے دعوؤں کا کوئی ثبوت نہیں دیا گیا۔
سابق وزیراعظم نوازشریف کی صحت سے متعلق میڈیکل بورڈ کی رپورٹ وفاقی حکومت کو بھجوائی جائے گی۔خیال رہے کہ حکومت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی واپسی کے لیے کوششیں تیز کر دیں ۔ حکمران جماعت نے نوازشریف کو لندن سے واپس لانے کے لیے دو مختلف ٹریکس پر عملی کام شروع کر دیا ہے۔ایک طرف برطانیہ سے ملزموں کے تبادلے کے معاہدے پر سر توڑ کوششیں کر رہی ہے جو آخری مرحلے میں بتائی جاتی ہے جب کہ دوسری طرف پنجاب حکومت سے نوازشریف کی بیماری کے حوالے سے رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔