صدر ، وزیراعظم ، گورنر خیبر پختونخوا ، بلاول اور دیگر رہنماؤں کا پشاور اسکول حادثے میں اموات پر اظہار افسوس

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)صدر مملکت آصف زرداری ، وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے پشاور میں نجی اسکول کی چھت گرنے سے اموات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

صوبائی دارالحکومت پشاور کے علاقے دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے سے 27 بچے اور 2 خاتون ٹیچر جاں بحق جبکہ 40 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 40 زخمیوں میں سے 20 بچوں کی حالت تشویشناک ہے، بیشتر کو آئی سی یو میں منتقل کیا گیا ہے۔

صدر زرداری نے پشاور میں اسکول کی چھت گرنے سے بچوں کی اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اسکول کی چھت گرنے سے جانی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور طبی امداد فراہمی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ امدادی کارروائیاں تیز کی جائیں۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی جاں بحق بچوں کے لواحقین سے اظہارتعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری امداد فراہمی کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے پشاور میں اسکول کی چھت گرنے سے طلبہ کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور زخمی بچوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ جاں بحق بچوں کے غمزدہ والدین کے دکھ کو سمجھ سکتی ہوں۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اسکول کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعہ میں خاتون ٹیچر سمیت معصوم بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے سانحہ پشاور پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتی جانوں کا ضیاع دل دہلا دینے والا سانحہ ہے، سوگوار خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

دریں اثناء وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور کے اسکول واقعے کا نوٹس لیا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا اسکول واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع نے پوری قوم کو غمزدہ کر دیا ہے، ہمارے بچے ہمارا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں اور ہر ایسی موت پورے ملک کے لیے ایک سانحہ ہے، اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چھت گرنے سے بچوں اور خاتون ٹیچر کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم بچوں کے جانی نقصان پر دل رنجیدہ ہے، غمزدہ خاندانوں کے دکھ اور غم میں برابر کا شریک ہوں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے۔

’حادثے کی اندوہناک خبر سے انتہائی صدمہ ہوا‘
علاوہ ازیں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اسکول میں چھت گرنے کے نتیجے میں طلباء اور اساتذہ کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ حادثے کی اندوہناک خبر سے انتہائی صدمہ ہوا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جاں بحق طلبا کے والدین کے غم کی شدت کا احساس ہے، انتظامیہ اپنی امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کرے اور ملبے تلے دبے افراد کو فی الفور نکالے، لیڈی ریڈنگ اسپتال میں لائے گئے زخمیوں کے علاج معالجے کے لئے مؤثر انتظامات کئے جائیں۔

مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے اسکول حادثے میں بچوں کی ہلاکتوں پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ہم نے جو کچھ دیکھا وہ الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا، ہم اس مشکل گھڑی میں اپنے لوگوں کے دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں۔

وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پشاور کا واقعہ قومی سانحہ ہے، بچوں کی اموات پر ہر دل رنجیدہ ہے، اللہ تعالیٰ بچوں کو مغفرت اور زخمیوں کو جلد صحتیابی اور لواحقین کو یہ ناقابل تلافی صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرئے۔

سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ معصوم بچوں کے جاں بحق ہونے پر دلی صدمہ ہوا ہے، غمزدہ خاندانوں سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں، دکھ کی گھڑی میں سندھ حکومت خیبر پختونخوا کےعوام کیساتھ ہے۔

مسلم لیگ (ن ) کی رہنما اور پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن حنا پرویز بٹ نے پشاور واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کے والدین کیلئے آج کا دن قیامت سے کم نہیں، اللہ ان کو صبر دے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما عابد شیر علی نے کہا کہ پشاور کے افسوسناک حادثے میں معصوم بچوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع اور متعدد طلبہ کے زخمی ہونے پر دلی رنج و غم ہے۔ یہ ایک انتہائی دردناک سانحہ ہے جس نے پوری قوم کو سوگوار کر دیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجا نے بھی کا پشاور دیر کالونی واقعے میں بچوں کی ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ معصوم بچوں کی المناک اموات پر دل رنجیدہ ہے، واقعہ ہر دردِ دل رکھنے والے انسان کے لیے انتہائی افسوسناک ہے، بچوں اور خاتون ٹیچر کی المناک اموات پر اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں، دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں راجا پرویز اشرف اور حسن مرتضیٰ نے بھی پشاور واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ دکھ اور غم کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کیساتھ ہیں، زخمیوں کے علاج اور متاثرہ خاندانوں کی فوری امداد یقینی بنائی جائے۔

سابق سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ پشاور واقعہ بہت دلخراش واقعہ ہے، بہت بڑا نقصان ہے،بہت بھاری غم ہے،والدین کیلئے ناقابل بیان دکھ ہے،اللہ تعالٰی اپنی قدرت کاملہ سے سب والدین، پسماندگان کو صبر کی توفیق عطا فرمائے، میں دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں شریک ہوں۔

آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سی سی پی او پشاور کو امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی ہدایت کی ہے کہ ملبے تلے دبے افراد کو فوری اور محفوظ انداز میں نکالا جائے۔

دوسری جانب پاکستان میں امریکی سفارتخانے نے پشاور اسکول حادثے میں اموات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں۔

پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ پشاورمیں اسکول کی چھت گرنے سے بچوں کی اموات پر گہرا دکھ ہے۔

WhatsApp
Get Alert