گوادر آپریشن،وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو خراجِ تحسین

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گوادر میں سکیورٹی فورسز کی بروقت اور کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ فورسز کی مستعدی اور پیشہ ورانہ مہارت نے دشمن کے تمام تخریبی عزائم خاک میں ملا دیے ہیں۔

آپریشن کے دوران 7 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کی جرات، عزم اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنے بہادر جوانوں پر فخر ہے جنہوں نے ایک بار پھر دشمن کی چالوں کو ناکام بنایا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ “فتنہ الہندوستان” کے یہ دہشت گرد بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو کسی صورت نقصان نہیں پہنچا سکتے۔

میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ صوبے میں بدامنی پھیلانے، ترقی کا راستہ روکنے، اور ترقیاتی منصوبوں یا معاشی سرگرمیوں کو نشانہ بنانے والے عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کی تعمیر و ترقی اور عوام کے روشن مستقبل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پائیدار امن کے قیام کے لیے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ بلوچستان کے غیور عوام اور سکیورٹی فورسز شانہ بشانہ مل کر امن دشمنوں کے تمام عزائم کو خاک میں ملا دیں گے، اور حکومت بلوچستان عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔

WhatsApp
Get Alert