نوجوانوں کو تشدد اور انتہاپسندی کے بجائے مکالمے، علم اور فکری مباحث کی طرف راغب کرنا ہوگا، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی


تربت (قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچ نوجوانوں کو سوشل میڈیا پروپیگنڈے اور محرومیوں کے نام پر تشدد اور انتہاپسندی کی طرف راغب کرنے کے بجائے انہیں مکالمے، علمی و فکری مباحث اور تعمیری سیاسی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ بلوچ قوم کی سیاسی جدوجہد، مختلف نظریات اور مستقبل کے راستے پر صحت مند اور بامقصد بحث ہونی چاہیے، جس میں جامعات کے اساتذہ، قانون کے طلبہ، محققین اور دانشور اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔ تربت میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچ قوم کی سیاسی تاریخ میں نواب خیر بخش مری کی مسلح جدوجہد کے نظریے، میر غوث بخش بزنجو کی آئینی و سیاسی جدوجہد اور وفاقی سیاست پر یقین رکھنے والے مختلف حلقوں کے نقطہ نظر سمیت متعدد سیاسی و فکری رجحانات موجود رہے ہیں۔ ہر سیاسی سوچ اور نقطہ نظر کو سمجھنا اور اس پر علمی انداز میں بحث کرنا ضروری ہے، تاہم نوجوانوں کو تشدد کے راستے اور اس کے نتائج کا بھی سنجیدگی سے جائزہ لینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کی ذہن سازی اور محرومیوں کو بنیاد بنا کر انہیں انتہاپسندی کی طرف مائل کرنے کے رجحانات تشویشناک ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ حکومت بلوچستان نوجوانوں کے سوالات، تحفظات اور تنقیدی آرا سننے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے طلبہ کو دعوت دی کہ وہ ریاست، حکومت، بلوچستان میں ترقیاتی محرومیوں اور دیگر قومی و صوبائی مسائل سے متعلق اپنے سوالات بلا جھجک سامنے لائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے ساتھ براہ راست اور بامعنی مکالمہ مسائل کے درست ادراک اور ان کے حل کی جانب پیش رفت کا مؤثر ذریعہ ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان طلبہ کو دیگر صوبوں کے مقابلے میں نسبتاً کم فیس پر اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں یونیورسٹی آف تربت کے آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) ڈیپارٹمنٹ کی ضروریات کے مطابق فنڈز فراہم کیے جائیں گے تاکہ جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق کے شعبے میں طلبہ کو بہتر تعلیمی سہولیات میسر آسکیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے یونیورسٹی آف تربت کے طلبہ کے لیے 50 اسکوٹیز فراہم کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ ان کی تقسیم کا طریقہ کار وائس چانسلر طے کریں گے تاکہ مستحق طلبہ کو آمدورفت میں سہولت فراہم کی جاسکے۔ انہوں نے طلبہ کے لیے مری اور ایبٹ آباد کے مطالعاتی دورے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ حکومت بلوچستان ان دوروں کے انتظامات اور اخراجات برداشت کرے گی، تاکہ طلبہ کو مختلف تعلیمی و انتظامی اداروں اور ملک کے دیگر علاقوں کے ماحول سے آگاہی حاصل ہو۔ وزیر اعلیٰ نے تربت میں گرین بس سروس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اعلان کیا کہ آئندہ سال شہر میں مزید گرین بسیں چلانے کا منصوبہ ہے جبکہ خواتین کی محفوظ اور باوقار سفری سہولت کے لیے پنک بس سروس بھی متعارف کرائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہری سفری سہولیات میں بہتری اور نوجوانوں کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ترقیاتی اقدامات کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

تقریب کے دوران سوال و جواب کے سیشن میں قانون کی ایک طالبہ نے انٹرن شپ کے حصول میں درپیش مشکلات اور مالی معاونت کی ضرورت سے متعلق سوال اٹھایا، جس پر وزیر اعلیٰ نے موقع پر ہی طالبہ کی مالی معاونت کرتے ہوئے انٹرن شپ کے سلسلے میں تعاون فراہم کیا۔ ایک دوسرے طالب علم کی جانب سے بھی انٹرن شپ کے حوالے سے معاونت کی درخواست پر وزیر اعلیٰ نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ آج کے طلبہ ہی مستقبل میں صوبے اور ملک کی قیادت اور اہم انتظامی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، اس لیے انہیں تعلیم، تحقیق، جدید علوم اور مثبت سرگرمیوں پر بھرپور توجہ دینی چاہیے۔ حکومت بلوچستان نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے، انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے اور تعلیمی و شہری سہولیات کی بہتری کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔

WhatsApp
Get Alert