محسن نقوی نے اسمبلی میں کھڑے ہو کر کہا تھا آپ گورنرراج لگوانا چاہتے تھے؟ صحافی فہد شہباز کا سوال

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سربراہ جے یو آئی ایف مولانا فضل الرحمن نے گورنر راج سے متعلق سوال پر کہا کہ میں ایک نظریاتی اور اصول کا آدمی ہوں ۔ مولانا فضل الرحمن نے نجی ٹی وی کے صحافی فہد شہباز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرداخلہ محسن نقوی سے متعلق کہا کہ یہ بہت گھٹیا قسم کی باتیں ہیں یہ ان کی اپنی ذہنیت ہے۔ نجی ٹی وی کے صحافی فہد شہبازنے سوال کیا کہ محسن نقوی نے اسمبلی میں کھڑے ہو کر کہا تھا آپ گورنر راج لگوانا چاہتے تھے؟
جس پر سربراہ جے یوآئی ف مولانا فضل الرحمن نے جواب دیا کہ یہ گھٹیا باتیں میرے ساتھ نہ کیا کرو، یہ بہت گھٹیا قسم کی باتیں ہیں، یہ ان کی ذہنیت ہے کہ جہاں جگہ مل جائے اور اتراتے ہیں کہ بہت کچھ کما لیا ہے، میں ایک نظریاتی اور اصول کا آدمی ہوں۔
محسن نقوی نے اسمبلی میں کھڑے ہو کر کہا تھا آپ گورنر راج لگوانا چاہتے تھے ؟ فہد شہباز
گھٹیا لوگوں کی گھٹیا باتیں میرے ساتھ نہ کیا کرو یہ بہت گھٹیا قسم کی باتیں ہیں یہ ان کی اپنی ذہنیت ہے. مولانا فضل الرحمان https://t.co/t8iMl1frUU— Muqadas Farooq Awan (@muqadasawann) November 26, 2026
یاد رہے جمعیت علمائے اسلام( ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پورا ملک جام کرنے کی کا ل دیتے ہوئے کہا کہ کارکنوں اور راہنماﺅں کی گرفتاریوں اور جلسہ کرنے کی اجازت نہ دینے پر سڑکوں پر آئےں اور ملک بھر کے راستوں کو جام کردے۔اپنے ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ پوری قوم سے سڑکوں پرآنے اور ملک بھر کے راستوں کو بلاک کرنے کی اپیل کرتا ہوں. سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ہم نے سرگودھا میں جلسہ کرنے کا اعلان کیا تھا کہ وہ اعلان اب بھی برقرار ہے لیکن اطلاعات یہ ہیں کہ سرگودھا جانے والے سارے راستے بند کردئیے گئے ہیں، بنڈال پر پولیس کا مکمل قبضہ ہے، ہمارے کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے، ہمارے اہم رہنماﺅ ں کو گرفتار کیا گیا ہے. مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اس تمام صورتحال میں ہم جلسہ گاہ تک پہنچے یا نہیں، میں اعلان کرتا ہوں اور تمام صوبوں اور ان کے عوام سے کہنا چاہتا ہوں کہ اپنے گھروں سے نکلیں اور میدان میں نہیں بلکہ سڑکوں پر آجائیں اور تمام راستے بند کردیں، ہائی ویز روک دیں، موٹرویز روک دیں اور احتجاج کریں کہ ہمیں ایک جمہوری حق سے کیوں محروم کیا جا رہا ہے، ہمیں ایک جلسہ کیوں نہیں کرنے دیا جا رہا. انہوں نے کہا کہ کیوں اس جلسے کو روکنے کے لئے کارکنوں پر تشدد کیا جا رہا ہے، اس تمام صورتحال پر پورا ملک احتجاج کرے گا، سڑکوں پر نکلے گا اور تمام شاہراں کو احتجاج کے طور پر بند کردیں قبل ازیں سرگودھا جلسہ اور جے یو آئی راہنماﺅں کی گرفتاریوں سے متعلق اپنے ایک بیان میں ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری ،امیر پنجاب مولانا امجد خان اور مرکزی صدر جے ٹی آئی ملک اویس کو پنجاب پولیس نے گرفتار کر لیا، حکومت ہوش کے ناخن لے فی الفور رہا نہ کیا تو حالات کی ذمہ داری پنجاب حکومت پر ہوگی، کیا ملک میں مارشل لا لگ چکا ہے ؟ سیاسی اجتماعات پر پابندی کیوں لگائی جارہی ہے. ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ مریم بی بی خود تو جلسے جلوس کررہی ہے، کیا اپوزیشن جماعتوں کو جلسوں کا حق حاصل نہیں، آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر جدوجہد کرنے کو ہماری کمزوری سمجھا جا رہا ہے، ہائبرڈ نظام کی جمہوریت کا چہرہ عیاں ہو گیا ہے، مولانا عبد الغفور حیدری ممبر قومی اسمبلی ہیں ،کیا ان کی گرفتاری سپیکر قومی اسمبلی کی اجازت سے کی گئی ہے. ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ حکومت فوری طور پر گرفتار راہنماﺅں اور کارکنوں کو رہا کرے، بغیر وارنٹ گرفتاریاں اس ملک کے جمہوری نظام کے منہ پر طمانچہ ہیں، مولانا عبدالغفور حیدری کی صحت کے حوالے سے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی، جے یوآئی کے دیگر عہدیداران کے گھروں پر بھی چھاپے مارے جارہے ہیں. جنرل سیکرٹری پنجاب نصیر احرار نے کہا کہ حکومت ہمارے گرفتار رہنماﺅں اور کارکنوں کو جلد ازجلد رہا کرے، جی ٹی روڈ، موٹر وے اور دیگر راستے بند کرکے عوام کو تنگ کیا جا رہا ہے، ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
