گوادر میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام، سات دہشت گرد ہلاک، سکیورٹی فورسز کی کارروائی قابلِ تحسین ہے، شاہد رند

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے گوادر میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے اور سات دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے تخریبی منصوبہ ناکام بنا دیا۔ بلوچستان میں بدامنی پھیلا کر ترقی کا سفر روکنے کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔اپنے بیان میں شاہد رند نے کہا کہ تعمیراتی کمپنی کے خالی کیمپ کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنانا سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔ دہشت گردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملانے والے سکیورٹی اہلکار پوری قوم کا فخر ہیں۔انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گرد بلوچستان میں بدامنی پھیلا کر صوبے کی تعمیر و ترقی کے سفر کو روکنے میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ ترقی اور خوشحالی کے خلاف سازشیں کرنے والے عناصر کو ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے ذریعے عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوششوں کو ناکام بنایا جاتا رہے گا۔ سکیورٹی فورسز کا عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں دہشت گردوں کے لیے واضح پیغام ہیں کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے دشمن اپنے مذموم مقاصد حاصل نہیں کر سکیں گے۔شاہد رند نے مزید کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے قومی اتحاد ناگزیر ہے۔ بلوچستان کی ترقی، خوشحالی اور امن کے سفر کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
