کل جنہیں للکارتے تھے، آج انہی کے در پر علاج کے طلب گار ہیں! حافظ طاہر اشرفی کی معنی خیز پوسٹ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیراعظم کے معاون خصوصی اور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک معنی خیز پوسٹ جاری کردی، انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر انہین سیاسی خانہ بدوش قرار دیتے ہوئے ان کی وفاداریوں، سیاسی طرزِ عمل اور زبان پر شدید تحفظات اور برہمی کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں حافظ طاہر محمود اشرفی نے طنز کرتے ہوئے لکھا کہ حکیم ثناء اللہ کے حکمت خانے میں دوا لینے پہنچ گئے! ڈاکٹر محسن نقوی کے لگائے ہوئے ٹیکے کا علاج اب حکیم ثناء اللہ سے کرایا جائے گا، یہی ان سیاسی خانہ بدوشوں کا اصل حال اور حقیقت ہے، جنہیں ماضی میں للکارا جاتا تھا، آج انہی کے در پر جا کر علاج کے طلب گار بنے ہوئے ہیں۔
حکیم ثناء اللہ کے حکمت خانے میں دوا لینے پہنچ گئے! ڈاکٹر محسن نقوی کے لگائے ہوئے ٹیکے کا علاج اب حکیم ثناء اللہ سے کرایا جائے گا۔ یہی ان سیاسی خانہ بدوشوں کا حال ہے؛ کل جنہیں للکارتے تھے، آج انہی کے در پر علاج کے طلب گار ہیں!
— TahirMahmoodAshrafi حافظ محمد طاهراشرفى (@TahirAshrafi) November 1, 2026
انہوں نے اخلاقیات اور شائستگی کی حد قائم رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی اپنے لیے احترام چاہتا ہے تو اسے دوسروں کا احترام کرنا بھی سیکھنا ہوگا، جبہ و دستار کی حرمت اور احترام سب پر لازم ہے اور ہم نے اب تک صبر، شائستگی اور تحمل کا دامن تھامے رکھا ہے، لیکن ہماری اس شرافت کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے، اگر مخالفین کے حامی مسلسل گالیاں دیں گے، تہمتیں لگائیں گے اور دوسروں کی عزتیں اچھالیں گے تو ہم گالی کا جواب گالی سے نہیں دیں گے بلکہ حقائق کے ساتھ ایسا دوٹوک اور مدلل جواب دیں گے جو ان کی سمجھ میں آ جائے گا۔
وطن عزیز سے وفاداری اور سیاسی بیانیے پر بات کرتے ہوئے پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین نے لکھا کہ جو اپنی ماں کے سگے نہیں ہو سکتے، وہ کسی اور کے بھی نہیں ہو سکتے، کبھی افغانستان سے وفاداری کا اظہار کیا جاتا ہے تو کبھی ہندوستان سے محبت کے پینگیں بڑھائی جاتی ہیں، اپنی ماں اور اپنے وطن پاکستان پر تنقید کرنے اور اس کی عزّت نیلام کرنے والے احسان فراموشوں کے پاس اخلاقی جواز ختم ہو چکا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ قوم بخوبی جانتی ہے کہ وطن کے اصل وفادار کون ہیں اور اس کی حرمت و وقار کا سودا کرنے والے کون ہیں، جن لوگوں کی اپنی وفاداری اور سیاسی شناخت ہی واضح اور طے شدہ نہیں، وہ ہمیں وطن دوستی کا درس نہ دیں، ہمیں اپنے وطن پاکستان پر فخر ہے اور ہماری دھرتی ماں کو اپنے وفادار بیٹوں پر فخر ہے، ملک و ملت کے لیے باعثِ شرم وہ احسان فراموش عناصر ہیں جو ذاتی مفادات اور سیاسی اقتدار کے لیے وطن کی عزت و آبرو کو داؤ پر لگاتے ہیں، ملک کے حقیقی بیٹے وہی ہیں جو وطن اور اس کی حرمت پر اپنا تن، من اور دھن قربان کرنے کے لیے ہر وقت تیار رہتے ہیں۔
