لسبیلہ پولیس نے بینک ڈکیتی میں ملوث 3ملزمان کو گرفتار کرلیا،گرفتار ملزمان لسبیلہ یونیورسٹی اوتھل کے طالب علم نکلے


اوتھل (قدرت روزنامہ) لسبیلہ پولیس نے زبردست کارروائی کرتے ہوئے ضلعی ہیڈکوارٹر اوتھل میں فروری 2025ء کے دوران نیشنل بینک کی تاریخ کی سب سے بڑی 20 کروڑ 20 لاکھ روپے کی ڈکیتی میں ملوث نیٹ ورک کا قلع قمع کرتے ہوئے مرکزی ملزم سمیت 3 خطرناک ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ حیرت انگیز طور پر گرفتار ملزمان لسبیلہ یونیورسٹی اوتھل کے طالب علم نکلے۔ ملزمان کے قبضے سے لوٹی گئی رقم سے خریدی گئی 2 عدد جدید ہونڈا سیوک گاڑیاں، کارگو رکشہ، یونیک موٹر سائیکل، بھاری مقدار میں اسلحہ اور سیکیورٹی فورسز کی جعلی وردیاں برآمد کر لی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی لسبیلہ نجیب اللہ پندرانی نے ڈی ایس پی رائے حق شاہ، ایس ایچ او اوتھل وحید مگسی، سی آئی انچارج جان محمد جاموٹ اور ایس ایچ او بیلہ یار محمد کمانڈو کے ہمراہ تھانہ اوتھل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سنسنی خیز انکشافات کیے۔ انہوں نے بتایا کہ نیشنل بینک اوتھل میں فروری 2025ء کو ہونے والی واردات میں کل 5 ملزمان زوہیب، بلال، اکرم، مرتضیٰ، جواد اور حمید ملوث تھے۔ واردات کے وقت ملزمان نے سیکیورٹی فورسز کی جو وردیاں زیب تن کر رکھی تھیں، وہ آن لائن منگوائی گئی تھیں۔ایس ایس پی لسبیلہ کے مطابق ڈکیتی کے فوراً بعد جب ملزمان فرار ہو رہے تھے تو اس وقت کے ایس ایچ او یار محمد کمانڈو نے ان کا تعاقب کیا، جس پر ڈکیتوں نے اندھا دھند فائرنگ کر کے ایس ایچ او کو شدید زخمی کر دیا اور اپنی گاڑی کو آگ لگا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ تاہم پولیس نیجدید سائنسی و تکنیکی بنیادوں پر تفتیش کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ملزمان کا سراغ لگایا اور مرکزی ملزم زوہیب سمیت 3 ڈکیتوں کو دبوچ لیا۔تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ مرکزی ملزم زوہیب، جس کے اکاؤنٹ میں پہلے محض چند ہزار روپے ہوتے تھے، واردات کے بعد اچانک اس کے اکاؤنٹ میں 17 کروڑ روپے سے زائد کی خطیر رقم منتقل ہوئی۔ اس کے علاوہ ملزمان نے کرشنا نامی ہندو تاجر کے اکاؤنٹ میں بھی 3 کروڑ روپے منتقل کئے جسے ایزی پیسہ اور دیگر کاروباری لین دین کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا پولیس نے تاجر کا بیان بھی ریکارڈ کر لیا ہے۔?ایس ایس پی نجیب اللہ پندرانی نے واضح اور سخت الفاظ میں تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ ضلع لسبیلہ کو جرائم پیشہ عناصر کے لیے جہنم بنا دیا جائے گا۔ عوام کے مال و جان پر ڈاکہ ڈالنے والے قانون کی گرفت سے کسی صورت نہیں بچ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ روپوش دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد پورا نیٹ ورک جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوگا۔

WhatsApp
Get Alert