وزرا کی مسلسل غیر حاضری، اسپیکر پنجاب اسمبلی کا سخت ایکشن، اجلاس بغیر کارروائی ملتوی

لاہور(قدرت روزنامہ)لپنجاب اسمبلی میں حکومتی وزرا اور ارکان کی مسلسل غیر حاضری اور ایوان کی کارروائی میں عدم دلچسپی پر اسپیکر ملک محمد احمد خان نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے احتجاجاً اسمبلی کا اجلاس بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کردیا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے وزرا اور ارکان کی مسلسل غیر حاضری اور اجلاس کی کارروائی میں عدم دلچسپی پر سیکرٹری اسمبلی کو وزیراعلیٰ پنجاب کے نام مراسلہ لکھنے کی رولنگ دے دی۔
اسپیکر نے ہدایت کی کہ سیکریٹری اسمبلی حکومت کو وزرا اور ارکان کی مسلسل غیر حاضری اور ایوان کی کارروائی میں عدم دلچسپی سے متعلق آگاہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ 7 روزہ اجلاس کے دوران 4 روز ایجنڈا ملتوی کرنا پڑا، جس سے ایوان کا استحقاق اور حکومت کا پارلیمانی بزنس شدید متاثر ہوا ہے۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ بار بار درخواستوں کے باوجود کسی نے اسمبلی اجلاس کی کارروائی کو سنجیدہ نہیں لیا۔
’۔۔۔ وزرا کی عدم دلچسپی کے باعث ایوان کا کاروبار متاثر ہوا، جو افسوس ناک ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ حکومت کے وزرا اور ارکان کے اس رویے پر انہیں افسوس ہے، وزرا اور پارلیمانی سیکرٹریز کی جانب سے اجلاس کی کارروائی میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا گیا، جس کے باعث ایوان کا معمول کا کام آگے نہیں بڑھ سکا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے حکومتی ارکان کے رویے پر احتجاجاً اجلاس کی کارروائی شروع کیے بغیر ہی ملتوی کرتے ہوئے سیکریٹری اسمبلی کو اس معاملے پر وزیراعلیٰ کو مراسلہ ارسال کرنے کی ہدایت کردی۔
