بشریٰ بی بی کی آنکھوں کی حالت انتہائی نازک ہونے کا انکشاف

ڈاکٹروں نے بیماری کو مچیور کیٹریکٹ قرار دیا اور کہا ہے کہ 15 نومبر کے قریب ان کی آنکھوں کا ایک اور آپریشن کرنا ہوگا؛ بیرسٹر سلمان صفدر کا اسلام آباد ہائیکورٹ میں بیان حلفی جمع


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) 190 ملین پاؤنڈ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جیل میں بگڑتی ہوئی صحت اور آنکھوں کی حالت سے متعلق اہم قانونی پیشرفت سامنے آئی ہے، اس ضمن میں بیرسٹر سلمان صفدر نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک تحریری بیان حلفی جمع کرایا ہے جس میں بشریٰ بی بی کی آنکھوں کی انتہائی نازک صورتحال کے بارے میں سنسنی خیز انکشافات کیے گئے ہیں۔
سینئر کورٹ رپورٹر ثاقب بشیر کے مطابق بیرسٹر سلمان صفدر نے اپنے بیان حلفی میں بتایا کہ اڈیالہ جیل حکام نے 31 اکتوبر کو اطلاع دی تھی کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ان کی ملاقات 2 نومبر کو دن ساڑھے 3 بجے طے کی گئی ہے، مقررہ وقت کے مطابق ملاقات شام 4 بجے شروع ہوئی جو تقریباً 40 منٹ تک جاری رہی، اس ملاقات کے دوران میں نے بشریٰ بی بی کی صحت میں غیر معمولی تبدیلیاں دیکھیں۔


بیان حلفی کے متن میں بیرسٹر سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ ملاقات کے دوران بشریٰ بی بی نے گہرے سیاہ رنگ کے چشمے پہن رکھے تھے، ان کے اور عمران خان کے بار بار اصرار کرنے پر جب بشریٰ بی بی نے چشمہ اتارا تو وہ بظاہر شدید پریشانی میں دکھائی دیں، بشریٰ بی بی نے آگاہ کیا کہ ان کی آنکھوں کی تکلیف اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ وہ نہ تو سورج کی روشنی برداشت کرسکتی ہیں اور نہ ہی کمرے میں موجود مصنوعی روشنی قابلِ برداشت ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ چشمے کے بغیر ان کے لیے آنکھیں کھولنا بھی ناممکن ہو چکا ہے، بشریٰ بی بی کی آنکھوں کی حالت انتہائی نازک اور تشویشناک دکھائی دے رہی تھی، جس سے واضح ہوتا ہے کہ ان کی بینائی شدید متاثر ہو چکی ہے، اس موقع پر بانی پی ٹی آئی عمران خان بھی اپنی اہلیہ کی مسلسل بگڑتی ہوئی بینائی اور صحت کے حوالے سے انتہائی پریشان نظر آئے۔
بشریٰ بی بی نے ملاقات کے دوران بتایا کہ جیل میں معائنے کے لیے آنے والے سرکاری ڈاکٹروں نے ان کی بیماری کو مچیور کیٹریکٹ قرار دیا ہے، ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق 15 نومبر کے قریب ان کی آنکھوں کا ایک اور آپریشن کرنا پڑے گا تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے، بشریٰ بی بی نے اڈیالہ جیل میں صفائی کے ناقص معیار اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات پر شدید عدم اطمینان کا اظہار کیا، انہوں نے قانونی ٹیم سے درخواست کی کہ ان کا معائنہ اور آئندہ کا تمام علاج ان کے ذاتی اور قابلِ اعتماد ڈاکٹروں سے کروایا جائے، جس پر بیرسٹر سلمان صفدر نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ وہ اس معاملے کو عدالتی فورم پر فوری اٹھائیں گے، جس کے بعد انہوں نے یہ بیان حلفی باضابطہ طور پر اسلام آباد ہائیکورٹ کا حصہ بنا دیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert