لیوی کے حوالے سے حکومت نے اقدامات نہ کیے تو ہم پھر سڑکوں پر آئیں گے، حافظ نعیم الرحمان
پیٹرولیم لیوی کے حوالے سے ہماری جدوجہد جاری ہے، حکومت عوام سے ہر ماہ 150 ارب روپے پیٹرولیم لیوی کی مد میں وصول کر رہی ہے جو کہ غریب اور متوسط طبقے پر ایک انتہائی بوجھ ہے؛ پریس کانفرنس سے خطاب

کراچی(قدرت روزنامہ)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کے فوری خاتمے کے اپنے مطالبے کی یاد دہانی کرواتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے پیٹرولیم لیوی ختم نہ کی تو جماعت اسلامی سڑکوں پر نکل کر بھرپور احتجاج کرے گی۔
ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیٹرول پر عائد بھاری لیوی کو فی الفور ختم کیا جائے، اگر حکومت نے لیوی کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات نہ کیے تو وہ عوام کو ساتھ لے کر سڑکوں پر آئیں گے، حکومت عوام سے ہر ماہ 150 ارب روپے پیٹرولیم لیوی کی مد میں وصول کر رہی ہے جو کہ غریب اور متوسط طبقے پر ایک انتہائی بوجھ ہے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے بات چیت کی ہے اور ان سے لیوی ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
امیر جماعت اسلامی نے بتایا کہ اسحاق ڈار نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر پیٹرولیم لیوی مکمل طور پر ختم کر دی گئی تو بڑی گاڑیوں والے امیر لوگوں کو بھی سستا پیٹرول مل جائے گا، اس پر ہم نے تجویز دی کہ جو لوگ مہنگی اور بڑی گاڑیاں رکھ سکتے ہیں ان کیلئے بے شک 100 روپے کے بجائے 200 روپے لیوی لگا دی جائے لیکن غریب اور متوسط طبقے کو ہر صورت ریلیف دیا جائے، اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات ہوئی جنہوں نے مزید ریلیف دینے کے لیے کچھ وقت مانگا، تاہم جماعت اسلامی کا ایک ہی دوٹوک مطالبہ ہے کہ پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے۔
ملکی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں مرکز اور صوبوں میں قائم حکومتیں عوام کے حقیقی ووٹوں کی نہیں بلکہ فارم 47 کی پیداوار ہیں، ان حکمرانوں نے روشنیوں کے شہر کراچی کو مکمل طور پر تباہ و برباد کر دیا ہے جب کہ بدعنوانی اور کرپشن نے پورے صوبہ سندھ کا نظام مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ امریکہ میں ہونے والے حالیہ انتخابات کے نتائج نے ثابت کر دیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے اتحادی اسرائیلی گروپ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، تین سال پہلے جس طرح سے فلسطینیوں نے پائیدار مزاحمت کی، اس کا بدلہ اسرائیلیوں نے عام اور بے گناہ انسانوں سے لینا شروع کر دیا، پورے غزہ کو مسمار کر دیا گیا ہے، تاہم حقیقی مزاحمت کیا ہوتی ہے یہ دنیا کو صرف فلسطینیوں نے ہی سکھایا ہے۔
پریس کانفرنس کے اختتام پر حافظ نعیم الرحمان نے ایک نئے عالمی نظام کی ضرورت پر زور دیا جس میں تمام مسلمانوں اور مزاحمت کاروں کو متحد ہونا پڑے گا، انہوں نے اپنے حالیہ دورہ ترکیہ کا احوال بتاتے ہوئے کہا کہ وہاں مسلک پرستی یا فرقہ وارانہ باتیں نہیں ہوتیں بلکہ صرف اسلام کی بات کی جاتی ہے، اس ماحول سے یہ واضح سبق ملتا ہے کہ اسلام صرف چند عبادات کا نام نہیں بلکہ ایک مکمل اور جامع نظامِ حیات ہے۔
