واٹس ایپ کا صارفین کیلئے اہم پرائیویسی فیچر متعارف کرانے پر کام، اب اپنا فون نمبر دوسروں سے چھپانا ممکن ہوگا

کراچی(قدرت روزنامہ)دنیا بھر میں مقبول میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ صارفین کی پرائیویسی مزید بہتر بنانے کیلئے ایک نئے فیچر پر کام کر رہی ہے، جس کے ذریعے صارفین یہ فیصلہ کرسکیں گے کہ ان کا موبائل فون نمبر کون دیکھ سکتا ہے اور کون نہیں۔ اس فیچر کی مدد سے صارفین اپنی مرضی کے مطابق مخصوص افراد یا تمام نئے صارفین سے اپنا فون نمبر چھپا سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق واٹس ایپ نے جون 2026 میں یوزر نیم (Username) فیچر متعارف کرایا تھا، تاہم یہ سہولت ابھی تک تمام صارفین کیلئے مکمل طور پر دستیاب نہیں ہوئی۔ اس کے باوجود صارفین اپنے پسندیدہ یوزر نیم منتخب کرکے پیشگی محفوظ کر سکتے ہیں۔
اس فیچر کا بنیادی مقصد صارفین کی شناخت اور موبائل نمبرز کو زیادہ محفوظ بنانا ہے تاکہ لوگ اپنا ذاتی فون نمبر شیئر کیے بغیر بھی واٹس ایپ پر دوسروں سے رابطہ اور گفتگو کرسکیں۔
واٹس ایپ میں فون نمبر چھپانے کے چار نئے آپشنز
واٹس ایپ کے نئے فیچرز پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’WABetaInfo‘ کی رپورٹ کے مطابق کمپنی ایک نئے پرائیویسی آپشن کی آزمائش کر رہی ہے، جس کے ذریعے صارفین کو اپنے فون نمبر کی رازداری پر مزید کنٹرول حاصل ہوگا۔
یہ فیچر اینڈرائیڈ ڈیوائسز کیلئے واٹس ایپ کے نئے بیٹا ورژن میں دیکھا گیا ہے، جس میں صارفین کو فون نمبر کی نمائش سے متعلق چار مختلف آپشنز فراہم کیے جائیں گے۔
1۔ Everyone: اس آپشن کے ذریعے تمام افراد صارف کا فون نمبر دیکھ سکیں گے۔
2۔ My Contacts: اس آپشن کے تحت صرف وہی افراد فون نمبر دیکھ سکیں گے جن کے نمبرز صارف کے موبائل میں محفوظ ہوں گے۔
3۔ My Contacts Except: اس آپشن کے ذریعے صارف اپنے محفوظ شدہ کانٹیکٹس میں سے مخصوص افراد کو منتخب کرکے ان سے اپنا فون نمبر چھپا سکے گا۔
4۔ Nobody: اس آپشن کے ذریعے صارف اپنا فون نمبر تمام افراد سے چھپا سکے گا۔
ان آپشنز کی مدد سے صارفین اپنی ضرورت کے مطابق فون نمبر کی رازداری کا تعین کرسکیں گے اور یہ فیصلہ کرسکیں گے کہ کون ان کا ذاتی نمبر دیکھ سکتا ہے۔
پہلے سے نمبر محفوظ کرنے والے افراد پر کیا اثر ہوگا؟
رپورٹ کے مطابق یہ نیا فیچر صرف ان صارفین کیلئے دستیاب ہوگا جنہوں نے واٹس ایپ پر اپنا یوزر نیم بنایا ہوگا۔
تاہم اگر کسی شخص کے موبائل میں پہلے سے آپ کا فون نمبر محفوظ ہے تو وہ چیٹ یا کال کے دوران آپ کا نمبر دیکھ سکے گا۔ اس کے برعکس جو نئے افراد آپ کے یوزر نیم کے ذریعے رابطہ کریں گے، انہیں آپ کا موبائل نمبر نظر نہیں آئے گا۔
نیا فیچر کب متعارف ہوگا؟
WABetaInfo کے مطابق فون نمبر چھپانے کا یہ فیچر تاحال تیاری کے مراحل میں ہے اور ابھی عام صارفین یا بیٹا ورژن استعمال کرنے والوں کیلئے بھی جاری نہیں کیا گیا۔
واٹس ایپ کی جانب سے اس فیچر کے باضابطہ اجرا کی تاریخ کا بھی اعلان نہیں کیا گیا۔ تاہم توقع ہے کہ اس سہولت کی دستیابی سے صارفین کو اپنی ذاتی معلومات محفوظ رکھنے اور اجنبی افراد کے ساتھ رابطے کے دوران پرائیویسی برقرار رکھنے میں مزید مدد ملے گی۔
