عمران خان کا مولانا فضل الرحمٰن کیساتھ وسیع تر اپوزیشن اتحاد کا پیغام، فیصلوں کا مکمل اختیار محمود اچکزئی اور راجہ ناصر عباس کے پاس ہی رہے گا پارلیمانی کمیٹیوں میں واپسی کی تجویز مسترد
موجودہ حکومت سے تعاون اسے جواز فراہم کرنے کے مترادف ہے، ا: اڈیالہ جیل میں وکلاء سے ملاقات

اسلام آباد/راولپنڈی (ڈیلی قدرت کوئٹہ) بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اڈیالہ جیل میں وکلاء سے ملاقات کے دوران سربراہ جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ وسیع تر سیاسی اتحاد کا اہم پیغام بھیجتے ہوئے پارلیمانی کمیٹیوں میں واپسی کی تجویز کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ نجی ٹی وی جیو نیوز کے رپورٹرز شبیر احمد ڈار اور حیدر شیرازی کی رپورٹ کے مطابق اڈیالہ جیل میں بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں لطیف کھوسہ کی جانب سے پارلیمانی کمیٹیوں میں واپسی کے حق میں رائے دی گئی تاہم بانی پی ٹی آئی نے اس تجویز سے اتفاق نہیں کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ حکومت اور پارلیمان کے حوالے سے سخت مؤقف اور بائیکاٹ کی پالیسی برقرار رہنی چاہیے کیونکہ اس نظام سے کسی بھی قسم کے روابط یا تعاون اسے آئینی و سیاسی جواز فراہم کرنے کے مترادف ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے رپورٹرز شبیر احمد ڈار اور حیدر شیرازی کی خبر کے مطابق ذرائع کے بانی پی ٹی آئی نے اپوزیشن قائدین محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ کے سیاسی فیصلوں کا اختیار بدستور انہی دونوں رہنماؤں کے پاس رکھا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ لارجر اپوزیشن الائنس کے قیام سے متعلق فیصلے پی ٹی آئی کے بجائے متحدہ اپوزیشن کی قیادت خود کرے اور اپوزیشن رہنما مولانا فضل الرحمٰن سے باضابطہ بات چیت کر کے مشترکہ اتحاد کے ساتھ آگے بڑھیں۔
ملاقات کے دوران پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ سے متعلق شکایات بھی بانی پی ٹی آئی کے سامنے رکھی گئیں۔ علاوہ ازیں اہلِ خانہ کی رہائی اور سیاست میں مداخلت کے امور پر بھی تفصیلی مشاورت ہوئی، جس پر بانی پی ٹی آئی نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ ان کی فیملی کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے، تاہم وہ اپنی اہلیہ کی رہائی اور علاج معالجے کے لیے رضامند تھے۔ ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق اپنا پرانا اصولی مؤقف دہرایا جبکہ مجوزہ 28ویں آئینی ترمیم پر بھی 26ویں اور 27ویں ترمیم والے سخت مؤقف پر قائم رہنے کا پیغام دیا۔ ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کرنے کے لیے سردار لطیف کھوسہ آج محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کو خصوصی بریفنگ دیں گے۔
