سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے لیے پنجاب لینڈ ریکارڈ کی سہولیات کا آغاز، ریاض میں بھی خدمات دستیاب

ریاض(قدرت روزنامہ)سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے لیے پنجاب میں زمینوں کے ریکارڈ اور جائیداد کی رجسٹریشن سے متعلق سرکاری سہولیات کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے، جس کے تحت اب پاکستانی شہری جدہ کے بعد ریاض میں قائم پاکستانی قونصل خانے سے بھی یہ خدمات حاصل کرسکیں گے۔
پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی (پی ایل آر اے) کی جانب سے فراہم کی جانے والی ان سہولیات کے ذریعے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہریوں کو پنجاب میں اپنی ملکیتی زمینوں اور جائیداد سے متعلق مختلف دستاویزات کے حصول اور قانونی کارروائیوں کی سہولت میسر ہوگی، جس کے لیے انہیں پاکستان آنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
ریاض میں پاکستانی قونصل خانے کے ذریعے فراہم کی جانے والی سہولیات میں فرد برائے ریکارڈ، فرد برائے فروخت یا جائیداد کے لین دین، منظور شدہ انتقال کی نقل، گرداوری کی نقل اور الیکٹرانک رجسٹریشن (ای رجسٹریشن) شامل ہیں۔

اس کے علاوہ جائیداد خریدنے والوں کی رجسٹریشن اور فروخت کنندگان کی رجسٹریشن کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی، جس سے بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے جائیداد سے متعلق معاملات باآسانی مکمل کرسکیں گے۔
اس اقدام کا بنیادی مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پنجاب میں زمینوں کے ریکارڈ اور جائیداد کی رجسٹریشن سے متعلق براہ راست سرکاری سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں ان کاموں کے لیے پاکستان کا سفر نہ کرنا پڑے۔
اتھارٹی کے مطابق اس سہولت سے پاکستانی شہریوں کے سفری اخراجات میں کمی آئے گی اور انہیں کاروبار یا ملازمت سے چھٹی لے کر پاکستان آنے کی ضرورت بھی پیش نہیں آئے گی۔
مزید برآں، حکومت سے حکومت کے درمیان محفوظ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے خدمات کی فراہمی سے جائیداد کے معاملات میں جعل سازی اور دھوکہ دہی کے خطرات کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
پی ایل آر اے کے مرکزی ڈیجیٹل نظام سے منسلک ہونے کے باعث درخواستوں پر کارروائی زیادہ تیز، مؤثر اور شفاف انداز میں مکمل کی جاسکے گی۔
