خالد مقبول صدیقی کا اداروں سے بلاول بھٹو زرداری کے بیان کا نوٹس لینے کا مطالبہ

جب پورے پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کی بات ہورہی ہے تو پھر خون ریزی کی دھمکیاں صرف کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص اور نواب شاہ کیلئے کیوں دی جارہی ہیں؟ شہری علاقوں کے عوام غلام نہیں؛ وفاقی وزیر کی گفتگو


کراچی(قدرت روزنامہ)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر اور وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے نئے صوبوں سے متعلق حالیہ بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے شہری علاقوں کے عوام کسی کے ہاری یا غلام نہیں ہیں، لہٰذا ان سے بات کرتے ہوئے انتہائی احتیاط برتی جائے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے براہِ راست بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کیا اور استفسار کیا کہ جب پورے پاکستان میں آبادی اور انتظامی ضرورت کے مطابق نئے صوبوں کے قیام کی بات ہو رہی ہے تو پھر خون ریزی کی دھمکیاں صرف کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص اور نواب شاہ کے لیے کیوں دی جا رہی ہیں؟۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے کبھی محض سندھ، کراچی یا مہاجر صوبے کا مطالبہ نہیں کیا بلکہ پورے ملک کیلئے انتظامی یونٹس اور نئے صوبوں کی بات کی ہے، ہم دلیل دیتے ہیں اور جواب میں بھی دلیل کے منتظر ہوتے ہیں دھمکیوں کے نہیں، اس لیے سندھ کے شہری علاقوں کے عوام کو دھمکیاں دینے سے پہلے سوچنا چاہیے، امن و امان اور قانون نافذ کرنے والے ذمہ دار ادارے اس بیان کا فوری نوٹس لیں، عدالتوں کو بھی اس معاملے پر ازخود نوٹس لینا چاہیے۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں کے لوگ آزادی کا تحفہ لے کر پاکستان آئے تھے اور آج ان شہروں کی معاشی سرگرمیوں سے پورا صوبہ مستفید ہوتا ہے مگر افسوس کہ انہی علاقوں کے عوام کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں، کراچی اکیلا سندھ کے بجٹ کی آمدن میں 97 فیصد حصہ دیتا ہے جبکہ بعض سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بھی یہ حصہ 93 فیصد ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ باقی آمدن حیدرآباد، میرپورخاص، نواب شاہ اور سکھر سمیت دیگر شہروں سے کتنی حاصل ہوتی ہے؟ نئے صوبوں کا مطالبہ نہ غداری ہے اور نہ ہی کوئی سازش بلکہ یہ ایک ناگزیر انتظامی ضرورت ہے، اور سندھ کے شہری علاقوں میں نئے صوبے کے قیام کا مقدمہ تاریخی، معاشی اور انتظامی ہر اعتبار سے مضبوط ہے، پاکستان میں حقیقی جمہوریت اور جاگیردارانہ جمہوریت کے درمیان بہت بڑا فاصلہ حائل ہے، ملک میں سیاسی قیادت اکثر زمینی سطح کے سیاسی کارکنوں کے بجائے خاندانی اور موروثی بنیادوں پر سامنے آتی ہے، جس کے نتیجے میں حقیقی عوامی نمائندگی محدود ہو کر رہ جاتی ہے اور عوام کے بنیادی مسائل حل نہیں ہو پاتے۔

WhatsApp
Get Alert