بلاول بھٹو کے ‘خونریزی’ سے متعلق بیان پر عدالتیں ازخود نوٹس لیں، خالد مقبول صدیقی

کراچی (قدرت روزنامہ)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیا ایم) پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے سندھ کی تقسیم سے متعلق ‘خونریزی’ کے بیان پر عدالتوں سے ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا یہ بیان کہ سندھ تقسیم ہوا تو اس کی سڑکوں پر خون بہے گا، غیرمعمولی اہمیت کا حامل ہے اور اس پر عدالتوں کو ازخود نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے بھی اس معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ان کی جماعت اپنے مؤقف کے جواب میں دلائل کی توقع رکھتی ہے، دھمکیوں کی نہیں۔ شہری سندھ کے عوام اور ان کی جماعت کو دھمکی دینے سے پہلے سوچنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت جاگیردارانہ جمہوریت رائج ہے جو حقیقی جمہوریت سے بہت مختلف ہے۔ ایسی جمہوریت میں سیاسی کارکن ترقی کرکے قیادت تک نہیں پہنچتا بلکہ کسی شخص کو اس کے خاندانی پس منظر کی بنیاد پر رہنما بنا دیا جاتا ہے۔ ان کے مطابق جب قیادت خاندانی اور جاگیردارانہ پس منظر سے سامنے آئے تو اس کا طرز عمل بھی ایسا ہی ہوتا ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر نے واضح کیا کہ ان کی جماعت پورے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ کرتی رہی ہے اور یہ مطالبہ صرف سندھ یا کراچی تک محدود نہیں۔ انہوں نے بلاول بھٹو سے سوال کیا کہ اگر مطالبہ پورے پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کا ہے تو خونریزی صرف کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص یا نواب شاہ میں کیوں ہوگی؟ کیا یہ دھمکی دی جا رہی ہے؟

خالد مقبول صدیقی نے الزام عائد کیا کہ سندھ میں نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کی بنیادی وجہ کراچی کی صوبائی بجٹ میں 97 فیصد شراکت ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ شہری سندھ کے علاقوں میں خونریزی کی بات کیوں کی جا رہی ہے اور یہ خونریزی کون کرے گا؟ کیا اس کے لیے عزیر بلوچ کو استعمال کیا جائے گا؟

پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے صوبے میں شرح خواندگی کی کمی اور ترقیاتی کاموں کے فقدان کی نشاندہی کی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ دنیا بھر میں بدعنوانی کو ترقی کا ضمنی نتیجہ سمجھا جاتا ہے، لیکن سندھ میں ترقی بدعنوانی کا ضمنی نتیجہ بن چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی صرف سندھ ہی نہیں بلکہ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں بھی حکومتی کردار رکھتی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا وہاں بھی پیپلز پارٹی جمہوری تقاضوں کے مطابق حکمران بنی ہے؟ اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف سے بھی سوال کیا گیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم آپ کا احترام کرتے ہیں اور آپ کے مینڈیٹ کو بھی تسلیم کرتے ہیں، لیکن آپ اس طرح کی زبان اس لیے استعمال کر رہے ہیں کیونکہ ہم نے لڑائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان اپنی آئینی اور قانونی جدوجہد جاری رکھے گی اور اسمبلیوں میں بھی اپنا مؤقف پیش کرتی رہے گی۔ خالد مقبول صدیقی نے ایک بار پھر عدالتوں اور وفاقی حکومت سے بلاول بھٹو کے بیان کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت کو دلائل سے جواب دیا جائے کیونکہ دھمکیاں ان پر اثر نہیں کرتیں۔

واضح رہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک خطاب میں نئے صوبوں کے قیام اور سیاسی نظام میں تبدیلی سمیت مختلف امور پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ کراچی کی سڑکوں پر کچرے کی بات ہوتی ہے، لیکن اگر سندھ تقسیم ہوا تو اس کی سڑکوں پر خون بہے گا۔ بعد ازاں وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ یہ دھمکی نہیں بلکہ سندھ کی تقسیم پر ممکنہ ردعمل سے متعلق انتباہ تھا۔

WhatsApp
Get Alert