اسلام آباد (قدرت روزنامہ)فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ملک بلاول زرداری اور مریم نوازکے حوالے نہیں کیا جاسکتا . وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام لوٹی ہوئی دولت کی واپسی چاہتے ہیں ، شریف خاندان سے ذاتی مخالفت نہیں ہے .
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے ماہانہ اخراجات اس وقت بھی کروڑوں میں ہیں ، اپوزیشن میں سب ایک دوسرے کی تاڑ میں ہیں ، اپوزیشن لیڈرز باہر کوئی اور بات کرتے ہیں ایوان میں کچھ کہتے ہیں ، اپوزیشن کے پاس کوئی لیڈرشپ نہیں ہے . فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت کے خلاف تحریک چلانے کی ساتویں کوشش کررہے ہیں ، مدرسوں کے بچوں کی بنیاد پر تحریک چلانا ممکن نہیں ، ملک بلاول زرداری اور مریم نوازکے حوالے نہیں کیا جاسکتا .
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بلاول بھٹو کراچی اور مریم لاہور کے میئر کا الیکشن لڑیں ، ملک میں بادشاہت نہیں کہ گدی پر آکر بیٹھ جائیں ، بلاول اور مریم ایک طریقہ کار کے تحت آئیں تو انکا حق ہے . انہوں نے کہا کہ معاملات آگے بڑھیں گے، حکومت مزید کامیابیاں سمیٹے گی ، وزیراعظم چین کا دورہ کررہے ہیں ،اہمیت کا حامل ہوگا ، پاکستان کی ترقی کا سفر جاری رہے گا ، عمران خان کے سامنے اپوزیشن ڈھیر ہے .
فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ملک کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے ، ملکی سیاست میں کہرام مچانے کی کوشش ناکام ہوچکی ، سینیٹ میں بھی اپوزیشن کو مکمل شکست کا سامنا کرنا پڑا ، ٹوٹی ہوئی معیشت ہمیں ملی تھی ،ہم نےمعیشت کو سنبھالا .
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمارے پاس اگلے 3 ماہ کی ایکسپورٹس کے پیسے نہیں تھے ، نواز اینڈ کمپنی نے جو کیا اسکی گواہی اس وقت کے وزیرخزانہ دے رہے تھے ، بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں کے پیچھے سازش ہے . انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کے تشدد کی اجازت نہیں دی جائے گی ، ہمیں اپنے جوانوں کی شہادت پر فخر ہے ، قوم شہداء کے والدین کے ساتھ ہے .