اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چینی موبائل ساز کمپنی اوپو نے اپنی رینو 7 سیریز کو لانچ کردیا ہے . اس سیریز کے تحت کمپنی نے اوپو رینو 7 پرو اور اوپو رینو 7 اسمارٹ فون فروخت کے لیے پیش کیے ہیں .
جی ایس ایم ارینا کے مطابق اوپو رینو سیریز 7 گزشتہ سال لانچ ہونے والی اوپو رینو سیریز 6 کی پیش رو ہے .
واضح رہے کہ اوپو نے گزشتہ ماہ ہی آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر چار فروری سے اپنی فلیگ شپ رینو 7 سیریز کو بین الاقوامی مارکیٹ میں متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا . جب کہ دسمبر 2021 میں اوپو کی جانب سے رینو 7 سیریز کے تحت رینو 7 فائیو جی، رینو 7 پرو فائیو جی اور رینو 7 ایس ای فائیو جی سیٹس کو چین میں مارکیٹ کیا گیا تھا .
اوپو رینو 7 سیریز کی اسپیسیفیکنز
رینو 7 فائیو جی
رینو 7 فائیو جی کو کوالکوم اسنیپ ڈریگن 778 جی ایس او سی جیسے طاقت ور پروسیسر کے ساتھ پیش کیا گیا ہے . فون میں 8 جی بی ریم کے ساتھ 256 جی بی کی اسٹوریج دی گئی ہے .
اوپو رینو 7 کو تین کیمروں کے ساتھ مارکیٹ کیا گیا ہے جس میں 64 میگا پکسلز کا مرکزی، 8 میگا پکسلز کا الٹرا وائیڈ اور 2 میگا پکسل کا میکرو لینس کیمرا شامل ہے . فرنٹ پر سیلفی اور ویڈیو کالز کے دلدادہ افراد کے لیے 32 میگا پکسلز کیمرا دیا گیا ہے . یہ فون 4 ہزار 500 ایم اے ایچ بیٹری اور 65 واٹ چارجر کے ساتھ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کرتا ہے .
رینو 7 پرو فائیو جی
اوپو نے اس فلیگ شپ فون میں ڈسپلے اور کیمرے پر بہترین کام کیا ہے . 6.55 انچ کا فل ایچ ڈی اولیڈ ڈسپلے 90 ہرٹز کے ریفریش ریٹ کے ساتھ بہترین ڈسپلے فراہم کرتا ہے . الٹی طرف موجود ہول پنچ اسکرین کے اندر موجود فنگر پرنٹ سینسر اسے دوسرے ماڈلز سے منفرد بناتا ہے . میڈیا ٹیک کے فلیگ شپ ڈائمنسٹی 1200 میکس کے چپ سییٹ کے ساتھ اس فون میں 12 جی بی ریم کے ساتھ 256 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے .
سیلفی کے شوقین افراد کے لیے 32 میگا پکسلز کا کیمرا بھی اس کے ہول پنچ میں دیا گیا ہے . جب کہ عقبی حصے میں تین کیمروں کا سیٹ اپ دیا گیا ہے جس میں پرائمری کیمرا 50 میگاپکسلز کے سونی IMX766 سینسر کے ساتھ، 8 میگا پکسلز کا الٹرا وائیڈ اور 2 میگا پکسلز کا میکرو لینس دیا گیا ہے .
رینو 7 پرو فائیو جی میں 4500 ایم اے ایچ کی بیٹری دی گئی ہے جو 65 واٹ کے چارجر کے ساتھ فاسٹ چارجنگ کی سہولت فراہم کرتی ہے . اوپو کے ان دو نئے فلیگ شپ فون کو ابتدائی طور پر بھارت میں لانچ کیا گیا ہے . رینو 7 پرو کو 39 ہزار 999 بھارتی روپے( 94 ہزار 400 پاکستانی) میں 8 فروری سے اور رینو 7 کو 28 ہزار 999 روپے( 68 ہزار 400 پاکستانی) کی قیمت پر 17 فروری سے فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا .