اسلام آباد (قدرت روزنامہ) ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے وزیراعظم کے خلاف ٹرینڈ چلانے والے ملزم سوشل میڈیا ایکٹوسٹ صابر ہاشمی کو گرفتار کرلیا . تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے وزیراعظم کے خلاف ٹرینڈ چلانے والے ملزم سوشل میڈیا ایکٹوسٹ صابر ہاشمی کو گرفتار کرلیا .
کارروائی کے حوالے سے ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کا کہنا ہے کہ ملزم نے چند روز قبل ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان کے خلاف ٹرینڈ چلایا تھا جس پر ملزم کے خلاف کارروائی کی گئی .
ایف آئی اے کے مطابق ملزم صابر ہاشمی کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے موبائل فون اور ڈیجیٹل میڈیا تحویل میں لے لیا گیا اور مقدمہ درج کرکے کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے .
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ملزم کو وزیراعظم کے خلاف نازیبا ٹرینڈ چلانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا اور ملزم سے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں . یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گذشتہ کچھ دنوں سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف سوشل میڈیا پر ٹرینڈز جاری ہیں .
اس حوالے سے گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں عمران خان نے ذاتی حملوں پر مشتمل سوشل میڈیا مہم پر سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ذاتی حملوں پر مشتمل مہم گھٹیا اور ناقابل برداشت ہے، مادر پدر آزادی خطرناک ہے، ایسے رجحان کی حوصلہ شکنی کرنا ہو گی . جبکہ پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی فیملی کے خلاف افواہیں پھیلانے والے گھٹیا لوگ ہیں، خاتون اول بشریٰ بی بی ماں کے برابر ہیں .
نہوں نے کہا کہ خاتون اول نے کبھی کوئی سیاسی بیان دیا نہ ہی کسی پرتنقید کی، خاتون اول نے ہمیشہ غریبوں کا خیال رکھا، پناگاہوں کا دورہ کیا . سینیٹر فیصل جاوید نے مزید کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ اس پروپیگنڈا مہم کی کڑیاں کہاں مل رہی ہیں، خاتون اول کے خلاف گھٹیا اور من گھڑت افواہیں پھیلائی گئیں . دوسری جانب خاتون اول بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح نے بھی خاتون اول اور وزیراعظم عمران خان کے مابین کسی قسم کے اختلافات کی تردید کر دی . انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی اسلام آباد میں وزیراعظم کی رہائش گاہ بنی گالہ میں رہ رہی ہیں . ان کے خلاف من گھڑت پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے .