پی سی بی پر جیمز فالکنر کی عدم ادائیگی کے الزام کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

لاہور(قدرت روزنامہ)کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آسٹریلین فاسٹ بائولر جیمز فالکنر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزیوں کے باعث پی ایس ایل 7 کے بقیہ میچز سے دستبردار ہوگئے ہیں . جیمز فالکنر نے اپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا کہ ’’میں پاکستانی کرکٹ شائقین سے معافی مانگتا ہوں لیکن بدقسمتی سے پی سی بی کی جانب سے میرے معاہدے/ ادائیگیوں کا احترام نہ کرنے کی وجہ سے مجھے آخری 2 میچوں سے دستبردار ہونا پڑا اور پی ایس ایل چھوڑنا پڑا ، میں پوری مدت یہاں رہا ہوں اور وہ مجھ سے جھوٹ بولتے رہے ہیں .


ان کا مزید کہنا تھا کہ جانے سے تکلیف ہوتی ہے کیونکہ میں پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی میں مدد کرنا چاہتا تھا کیونکہ وہاں بہت زیادہ نوجوان ٹیلنٹ ہے اور شائقین حیرت انگیز ہیں لیکن میرے ساتھ جو سلوک ہوا ہے وہ پی سی بی اور پی ایس ایل کی طرف سے بدنامی کا باعث ہے مجھے یقین ہے کہ آپ سب میری پوزیشن کو سمجھ چکے ہوں گے‘ .


ایکسپریس نیوز کے ذرائع کے مطابق فالکنر کو تنخواہ کا 70 فیصد اسی طرح ادا کیا گیا جس طرح پی سی بی پی ایس ایل ایڈیشن کے وسط میں حصہ لینے والے تمام کھلاڑیوں کو ادا کرتا ہے . اس کی ادائیگی پی سی بی نے اس کے دیے گئے آسٹریلوی بینک اکاؤنٹ میں منتقل کر دی تھی لیکن فالکنر نے بتایا کہ وہ اب اس اکاؤنٹ کا استعمال نہیں کر رہے ہیں اور ایک اور اکاؤنٹ کی تفصیلات بھی دیں . پی سی بی نے بینک سے رقم واپس کرنے کو کہا لیکن بینک نے رقم واپس کرنے سے انکار کردیا اور یوں یہ مسئلہ مزید بڑھ گیا . فالکنر نے احتجاجاً ملتان سلطانز کے خلاف کل کا میچ بھی نہیں کھیلا تھا اور انہیں آج وطن واپس بھیج دیا گیا تھا .

. .

متعلقہ خبریں