6 سال ڈپریشن میں گُزرے: ندا یاسر

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف میزبان و اداکارہ ندا یاسر نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے 6 سال ڈپریشن میں گُزارے۔سوشل میڈیا پر ندا یاسر کا ایک ویڈیو کلپ وائرل ہورہا ہے جوکہ اُن کے مارننگ شو کا ہے جس میں وہ اہم انکشاف کرتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔
ویڈیو میں ندا یاسر کو کہتے ہوئے سُنا جاسکتا ہے کہ جب اُن کے شادی ہوئی تھی تو اُن کے شوہر یاسر نواز نے کہا تھا کہ وہ شادی کے بعد بھی اداکاری کرسکتی ہیں۔ندا یاسر نے کہا کہ شادی کے بعد یاسر نے اداکاری کرنے سے روک دیا کیونکہ بچوں پر ٹھیک سے توجہ نہیں دی جارہی تھی۔
اُنہوں نے کہا کہ مجھے کام کرنے کی عادت تھی، میرا کیرئیر تھا لیکن میں نے 6 سال تک کوئی کام نہیں کیا۔ندا یاسر نے کہا کہ مجھے بہت بُرا لگتا تھا کیونکہ اداکاری اور شوبز سے وابستہ ہونے کے باوجود میں اپنے کام سے دور ہوگئی تھی۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ میں اس 6 سال کے عرصے کے دوران مسلسل ڈپریشن میں رہی۔واضح رہے کہ یاسر نواز اور ندا سال 2002ء میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، اس جوڑی کے دو بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔