امریکا میں غذائیت سے بھرپور جامنی ٹماٹر تیارکرلیا گیا

امریکا (قدرت روزنامہ)امریکا میں جینیاتی طور پر تبدیل شدہ ٹماٹر کو سپرفوڈ بنایا گیا ہے جسے فروخت کی اجازت مل سکتی ہے . اس کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں صحت کے لیے انتہائی مفید بلیو بیری کی رنگت اور کچھ اجزا جینیاتی سطح پر شامل کئے گئے ہیں .


اسے نورفوک پلانٹ سائنسس نامی کمپنی نے تیار کیا ہے جسے ہر طرح کی آزمائش سے گزارا گیا ہے . پھر گزشتہ برس امریکی مجاز اداروں بالخصوص ایف ڈی اے میں اس کی درخواست دی گئی تھی جو اندرونی حلقوں کے مطابق منظوری کے مراحل میں ہے .

کمپنی نہ صرف تازہ ٹماٹر فروخت کرے گی بلکہ کسانوں کو جینیاتی تبدیل شدہ ٹماٹر کےبیج بھی فراہم کئے جائیں گے اور اسی سے زائد آمدنی متوقع ہے .
جامنی ٹماٹر سب سے پہلے 2008 میں برطانوی سائنسداں کیتھی مارٹن نے بنائے تھے . پھر انہوں نے ایک اہم انکشاف کیا تھا کہ جن چوہوں کو اس خاص ٹماٹر کا پاؤڈر دے کر رکھا گیا تھا ، دیگر چوہوں کے مقابلے میں ان کی زندگی کا دورانیہ 30 فیصد تک بڑھا ہوا دیکھا گیا . اگرچہ اس کا مکمل اطلاق انسانوں پر نہیں ہوسکتا لیکن انسانوں پر اس کا کچھ اثر ضرور ہوسکتا ہے .

اس سے قبل بھی جامنی ٹماٹر بنانے کی کوشش کی گئی تھی جس کا صرف چھلکا ہی جامنی رنگت کا تھا لیکن اب اندر سے مکمل پھل بھی یکساں رنگت رکھتا ہے . اس میں اینتھوسائنائنس کی 10 گنا زائد مقدار موجود ہے جو ایک طاقتور اینٹی آکسیڈنٹ ہے اور جسم کی خلوی سطح پر حفاظت کرتا ہے . یہ فری ریڈیکلز بننے سےروکتا ہےجو اندرونی سوزش سے لے کر سرطان تک کی وجہ بنتا ہے .
ٹماٹر کی دوسری اہم بات یہ ہے کہ توڑے جانے کے بعد عام ٹماٹر کے مقابلے میں دوگنے وقت تک تازہ رہتا ہے .

. .

متعلقہ خبریں