پاکستان آنے والے ویکسینیٹڈ مسافروں کیلئے پی سی آر ٹیسٹ کی شرط ختم

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)صحت سے متعلق احتیاطی تدابیر اور سفری ہدایات پر نظر ثانی کرتے ہوئے پاکستان آنے والے مکمل طور پر ویکسینیٹڈ مسافروں کے لیے منفی پی سی آر ٹیسٹ کی شرط ختم کردی گئی .
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ فیصلہ ملک بھر میں کورونا وائرس سے متعلق حالات پر نظر ثانی کرتے ہوئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے کیا گیا، فیصلے کا اطلاق آج (جمعرات) سے ہوگیا .


این سی او سی کے جاری کردہ بیان کے مطابق مکمل ویکسینیٹڈ مسافروں کے لیے پرواز میں سوار ہونے سے قبل منفی پی سی آر ٹیسٹ کی کی شرط ختم کردی گئی ہے .
تاہم ملک کا سفر کرنے والے 12 سال سے کم عمر اور غیر ویکسینیٹڈ مسافروں کے لیے منفی پی سی آر رپورٹ لازمی ہے، یہ رپورٹ پرواز میں سوار ہونے سے قبل 72 گھنٹے کے اندر کروائے گئے ٹیسٹ کی ہونی چاہیے .


علاوہ ازیں این سی او سی کا کہنا تھا کہ پاکستان کا سفر کرنے والے تمام مسافروں کے لیے مکمل ویکسین لگوانا لازم ہوگا البتہ 12 سال سے کم عمر مسافروں کو ویکسین سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے . وہ مسافر جن کی عمر 12 سے 18 سال کے درمیان ہے انہیں 31 مارچ تک بغیر ویکسینیشن سفر کرنے کی اجازت ہوگی .
این سی او سی کے مطابق ملک آنے والے غیر ویکسینیٹڈ مسافروں کا پاکستان پہنچنے پر ریپڈ انٹیجین ٹیسٹ کیا جائے گا، مثبت نتائج کے حامل افراد کو 10 روز گھر میں قرنطینہ کرنے کی اجازت دی جائے گی .
اس سے قبل یو اے ای حکام کی جانب سے دبئی اور شارجہ کا سفر کرنے والے پاکستانی مسافروں کو ریپڈ اینٹیجین ٹیسٹ سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے جبکہ ان مسافروں کے لیے ائیر پورٹ پر منفی پی سی آر رپورٹ جمع کروانا لازمی ہے .
ترجمان پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا تھا کہ مسافروں کو دبئی پہنچنے پر کورونا وائرس کا پی سی آر ٹیسٹ سے کروانا ہوگا اور ٹیسٹ کے نتائج آنے تک انہیں خود کو قرنطینہ میں رکھنا ہوگا .


این سی او سی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 3.4 فیصد پر آگئی ہے گزشتہ روز ایک ہزار 455 کیسز سامنے آئے جبکہ ملک بھر میں مجموعی طور پر 18 مریض انتقال کرگئے .
سرکاری اعدادو شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک بھر کے ہسپتالوں میں کورونا سے متاثر ایک ہزار 220 مریض زیر علاج ہیں .
دوسری جانب ویکسینیشن مہم کے سلسلے میں پاکستان کو ایسٹرا زینکا ویکسین کی کھیپ وصول ہونے کی توقع ہے، غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق رومانیہ نے اعلان کیا ہے کہ اور پاکستان، بنگلہ دیش، الجیریا اور لیبیا کو 11 لاکھ ایسٹرازینکا ویکسین فراہم کرے گا .

پولیو سے جنگ
ملک میں کورونا وائرس کے ساتھ پولیو سے بھی جنگ جاری ہے، حکومت رواں سال پہلی بار ملک بھر میں پولیو مہم شروع کرنے جارہی ہے جس کا آغاز 28 فروری سے ہوگا اور اس کے تحت 5 سال سے کم عمر 4 کروڑ 30 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں جائیں گے .
پولیو کے فرنٹ لائن عملے میں 3 لاکھ 39 ہزار 521 افراد شامل ہیں جو 5 سال سے کم عمر بچوں کو ان کی گھروں میں پولیو کے قطرے پلائے گے . وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے اسلام آباد کے دیہی مرکز صحت ترلائی میں مہم کا باقاعدہ آغاز کیا .

. .

متعلقہ خبریں