کیا آپ ناخن گوشت میں گھسنے سے پریشان ہیں؟ تو یہ ٹوٹکے آزمائیں
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)آپ اس وقت کیسے پرسکون رہ سکتے ہیں اور چل پھر سکتے ہیں جب کوئی ناخن گوشت میں گھس جائے؟ایسا ہونے پر معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوتے ہیں جبکہ پیر میں انفیکشن کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
اور یہ ایسا عام مسئلہ ہے جس کا سامنا ہزاروں بلکہ لاکھوں افراد کو ہوتا ہے بلکہ برسوں تک ہوتا ہے حالانکہ اس سے نجات پانا اتنا زیادہ مشکل بھی نہیں۔پاؤں کے ناخن کا گوشت میں گڑ جانا ایک انتہائی تکلیف دہ مگر پیروں کا بہت عام مسئلہ ہے جو ناخن کے ایک یا دونوں جانب ہوسکتا ہے۔
تنگ جوتے، چوٹ، جینز اور غلط انداز سے ناخن کاٹنا اس کی وجہ بنتے ہیں اور ایسا ہونے پر درد، سوجن، سرخی یا انفیکشن کا سامنا بھی ہوتا ہے۔تاہم اگر اس کا سامنا ہو تو یہ گھریلو ٹوٹکے آرام پہنچانے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔
پودینے کا تیل
پہلے اپنے پیروں کو کچھ دیر کے لیے پانی میں بھگو دیں یا متاثرہ حصے کی جلد کو صاف کریں، جلد خشک ہونے کے بعد 2 سے تین قطرے پودینے کے تیل کے لیں اور انہیں متاثرہ حصے پر لگالیں۔ یہ عمل دن میں 2 بار دہرائیں۔ پودینے کے تیل میں موجود منتھول درد میں کمی لائے گا جبکہ جراثیم کش ہونے کی وجہ سے یہ مزید انفیکشن سے بھی تحفظ فراہم کرے گا۔
بیکنگ سوڈا
بیکنگ سوڈا قدرتی طور پر جراثیم کش ہوتا ہے جو کہ ناخن گوشت میں دھنس جانے سے پیدا ہونے والے انفیکشن کا خطرہ کم کرتا ہے، آدھا چائے کا چمچ بیکنگ سوڈا لے کر اس پر چند قطرے پانی ڈال کر گاڑھا پیسٹ بنالیں۔ اس پیسٹ کو متاثرہ حصے اور ارگرد لگالیں، جس کے بعد بینڈیج سے ڈھک دیں۔
ناریل کا تیل
کچھ مقدار میں ناریل کا تیل لیں اور زخم اور ارگرد کے حصے میں لگائیں، اس عمل کو دن میں 2 بار دہرائیں۔ ناریل کے تیل میں موجود فیٹی ایسڈز فنگل کش اور ورم کش ہوتے ہیں جو کہ گوشت میں دھنس جانے والے ناخن کو باہر نکالنے کے ساتھ درد سے ریلیف فراہم کرتے ہیں۔
لہسن
لہسن کے 2 سے تین ٹکڑے پیس لیں اور پھر انہیں زخم پر لگائیں، اس کے بعد پیسٹ کو بینڈیج سے ڈھانپ کر رات بھر کے لیے چھوڑ دیں۔
پیاز
پیاز کو کاٹ لیں اور ایک ٹکڑے کو زخم پر رکھ دیں، جس کے بعد اس کے اوپر پٹی باندھ کر رات بھر کے لیے چھوڑ دیں۔ یہ عمل رات کو سونے سے قبل ہی کریں، پیاز میں موجود اجزاءاس مسئلے سے نجات دلانے کے ساتھ ساتھ فنگل سے بھی تحفظ فراہم کرتے ہیں۔
پانی میں بھگوئیں
متاثرہ پیر کو نیم گرم پانی میں ڈبو کر بھی سوجن اور درد میں کمی لانا ممکن ہے۔ اس مقصد کے لیے پیر کو نیم گرم صابن ملے پانی میں 20 منٹ کے لیے ڈبو دیں، یہ عمل دن میں تین بار کرنا اس مسئلے سے جلد نجات میں مدد دے گا۔
نمک
اپنے پیر کو اپسم نمک ملے پانی میں 15 سے 20 منٹ کے لیے روزانہ 2 مرتبہ ڈبو دیں، اگر ناخن میں انفیکشن نہیں ہوا ہوگا تو وہ باہر اگنے لگے گا اور پھر اسے اوپر سے مناسب طریقے سے کاٹ لیں۔
روئی
یہ اس حوالے سے مقبول ٹوٹیکا ہے جس میں روئی کا ایک ٹکڑا ناخن کے اندر اس جگہ رکھ دیتے ہیں جہاں وہ جلد میں گھستا ہے، اس کے بعد ناخن باہر کی جانب اگنے لگتا ہے اور آپ کو اسے ٹھیک طرح سے کترنے کا موقع مل جاتا ہے، انفیکشن سے بچنے کے لیے روئی کے ٹکڑے کو سیب کے سرکے میں ڈبو کر رکھیں اور روزانہ اسے بدل دیں۔
دانت صاف کرنے والا دھاگا
جلد میں گھسنے والے ناخن کی سمت کو بدلنے کے لیے دانت صاف کرنے والے نرم دھاگے کا ایک ٹکڑا اس کے کونے میں رکھیں، دھاگے کے باہر نکلنے والے حصے کو کاٹ کر اسے وہاں چھوڑ دیں، اس طریقہ کار سے ناخن کو متاثرہ حصے سے الگ کرکے درد میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔
وکس
وکس کی تھوڑی سی مقدار متاثرہ ناخن پر مل لیں اور پھر پٹی سے ڈھانپ دیں، وکس میں موجود آئلز جراثیم کش خصوصیات کے حامل ہوتے ہیں جبکہ اس کا چکنا پن ناخن کو نرم کرنے میں مدد دیتا ہے، جس سے اس کے رخ کو موڑنا آسان ہوجاتا ہے۔
ہلدی
ایک چائے کا چمچ ہلدی لے کر کچھ مقدار میں پانی میں ملا کر پیسٹ بنالیں اور اسے متاثرہ حصے میں لگا کر کچھ گھنٹوں کے لیے چھوڑ دیں اور پھر صاف کریں، یا پٹی سے ڈھانپ کر اس پیسٹ کو خشک ہونے دیں، ضرورت پڑنے پر یہ عمل دوبارہ دہرائیں۔ ورم کش اور درد میں کمی لانے والی خصوصیات کی بناءہلدی اس تکلیف سے نجات دلانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔
سیب کا سرکہ
سیب کا سرکہ جراثیم کش اور ورم کش خصوصیات رکھتا ہے، جو انفیکشن کی روک تھام کرنے کے ساتھ سوجن کی شکار جلد کو آرام پہنچاتا ہے۔ اسے استعمال کرنے کے لیے کچھ مقدار میں روئی لیں اور اسے سیب کے سرکے میں ڈبو دیں۔ اس کے بعد متاثرہ ناخن پر رکھ کر اوپر سے پٹی باندھ لیں اور کچھ گھنٹوں کے لیے ایسے ہی رہنے دیں۔ پٹی اتارنے کے بعد جگہ کو خشک کرلیں۔
لیموں کا عرق اور شہد
لیموں اور شہد بھی جلد کے لیے جراثیم کش اثرات کے حامل ثابت ہوتے ہیں اور وہ متاثرہ ناخن میں ممکنہ انفیکشن کے خلاف لڑتے ہیں۔ ایک قطرہ لیموں کا عرق اور تھوڑا سا شہد متاثرہ حصے میں لگائیں ، اس کے بعد متاثرہ حصے کو پٹی سے لپیٹ دیں اور رات بھر کے لیے چھوڑ دیں۔ اس عمل کو ہر رات اس وقت دہرائیں جب تک ناخن بہتر نہیں ہوجاتا۔
ناخن کو صحیح طرح کاٹیں
اگر اس مسئلے سے آئندہ بچنا چاہتے ہیں تو اپنے ناخن کو درست طریقے سے تراشیں۔ ہمیشہ کونوں سے ناخن کو کاٹنا شروع کریں، درمیانی حصے سے نہیں۔ کونے جتنے ہموار ہوں گے، اتنا ہی ناخن گوشت میں دھنسنے کا امکان کم ہوتا ہے، نوکیلے کونوں سے گریز کریں اور نہ ہی انہیں بہت زیادہ مختصر کاٹیں کیونکہ ایسا کرنے میں ان کا جلد میں دھنسنا ممکن ہوجاتا ہے۔ ہر 2 سے 3 ہفتے میں ناخن کاٹیں۔
آرام دہ جوتے پہنیں
اگر کبھی اس مسئلے کا سامنا ہوچکا ہے تو ایسے جوتوں کا انتخاب کریں جو انگلیوں کو زیادہ اسپیس فراہم کرسکے، بہتر تو یہ ہے کہ نرم فائبرک سے بنے جوتے استعمال کریں جو جلد کو ‘سانس’ لینے کا موقع دیں جبکہ انگلیوں کو جگہ بھی دیں۔ تنگ اور غیر آرام دہ جوتے اکثر گوشت ناخن میں دھنسنے کا باعث بنتے ہیں۔
ڈاکٹر سے رجوع کریں
اگر کوئی طریقہ کام نہ آئے اور ناخن 2 سے 3 دن میں بہتر نہ ہو تو ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ جنرل پریکٹیشنر بھی عام طور پر اس مسئلے کا علاج کرنے میں کامیاب رہتے ہیں تاہم اگر معاملہ پیچیدہ ہو یا متاثرہ جگہ بہت زیادہ سوج جائے تو کسی اسپشلسٹ سے رجوع کریں۔