کراچی: سی ٹی ڈی کی کارروائی، فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزم گرفتار

کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کی ہے۔تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ سید زکی کاظمی سعودی کونصل خانے پر دستی بم حملے میں بھی ملوث ہے۔
سی ٹی ڈی کے حکام نے بتایا کہ ملزم زکی کاظمی قتل، اقدام قتل اور انسداد دہشت گردی کے تحت درج کئی مقدمات میں مطلوب تھا۔واضح رہے کہ اس سے قبل کراچی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے پولیس اہلکاروں کے قتل میں مطلوب مبینہ ٹارگٹ کلر گرفتار کرلیا۔
سی ٹی ڈی نے نیو کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے پولیس کو انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا۔سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ ملزم ٹارگٹ کلنگ، پولیس مقابلوں، قتل اور اقدام قتل کے متعدد مقدمات میں مطلوب ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان عرف فضلو لائنز ایریا ٹارگٹ کلنگ ٹیم کا انچارج تھا اور سنی تحریک لائنزایریا کا یونٹ انچارج بھی رہا ہے۔سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ قتل و غارت گری میں ملوث ملزم نے 2011 میں بھتہ نہ دینے پر دکاندار کو قتل کیا تھا۔
سی ٹی ڈی حکام نے کہا کہ ملزم نے 2012 میں ایم کیو ایم کے کارکن صلاح الدین کو گولیاں ماریں اور اسی سال ملزم نے اے ایس آئی علی محسن نقوی کو بھی قتل کیا۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا تھا کہ 2012 میں ملزم نے ساتھیوں کے ہمراہ بریگیڈ پولیس اسٹیشن کی پولیس موبائل پر حملہ کیا اور 2013 میں ساتھیوں سمیت ہڑتال کے دوران گاڑی کو لوٹا پھر آگ لگا دی۔سی ٹی ڈی حکام نے مزید بتایا کہ ملزم کے انکشافات اور تصدیق کے بعد کارروائی کے لئے متعلقہ پولیس کے حوالے کیا جا رہا ہے۔