سلمان خان نے اداکارہ سوناکشی سنہا سے خفیہ شادی کرلی؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کی دبنگ ادکارہ سوناکشی سنہا سے شادی کی خبریں سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہیں۔بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کو کنوارے پن کا ایوارڈ دیا جائے تو غلط نہ ہوگا کیوں کہ انہوں نے درجن بھر اداکاراؤں کے ساتھ عشق لڑانے کے باوجود اب تک شادی نہیں کی اور ان کی سابقہ گرل فرینڈز تو اب اپنے پوتوں کو کھلارہی ہوتی ہیں۔
بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان اکثر اپنی شادی اور کنوارے پن کو لے کر خبروں کی زینت بنے رہتے ہیں اور ایک بار وہ خود بھی یہ اعتراف کرچکے ہیں کہ میں جس سے محبت کرتا تھا اگر اس سے شادی ہوئی ہوتی تو اب تک میں دادا بن چکا ہوتا۔
سوشل میڈیا پر ایک بار پھر سلو میاں کی شادی کی افواہ گردش کررہی ہے اور اس بار صارفین نے دبنگ اداکار کو جس اداکارہ کے ساتھ جوڑا ہے، اسے دیکھ کر خوش ان کے مداح بھی حیرت زدہ ہوگئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ایک تصویر وائرل ہورہی ہے جس میں سلمان خان کے ساتھ ان کی دبنگ اداکارہ سوناکشی سنہا لال رنگ کے عروسی لباس میں کھڑی ہیں جب کہ خود سلمان خان نے بھی بیج کلر کا سوٹ پہن رکھا ہے اور وہ اداکارہ کو انگوٹھی پہنا رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر سلمان خان کی سوناکشی سنہا کے ساتھ یہ تصویر وائرل ہوتے ہی مداحوں میں تشویش کی لہر توڑ گئی اور انہوں نے تصاویر پر کمنٹس کرنا شروع کردیے جب کہ کچھ مداحوں نے تو سلو میاں کو ٹیگ کرکے ان سے سوالات بھی پوچھنا شروع کردیے۔
اس سے پہلے آپ بھی اس خبر کو درست اور تصویر کو حقیقت ماننا شروع کردیں ، ہم آپ کو بتاتے چلیں کہ یہ سلمان خان اور سوناکشی سنہا کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویر کا حقیقت سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں۔
دراصل یہ تصویر جعلی ہے اور فوٹوشاپ جیسے سافٹ ویئر پر ایڈیٹ کی گئی ہے جس میں کسی اور کی تصویر پر سلمان خان کا سر ایڈیٹ کیا گیا ہے جب کہ سوناکشی سنہا کی تصویر بھی ایڈیٹ شدہ لگ رہی ہے۔واضح رہے اس سے قبل سوشل میڈیا پر عامر خان کی اداکارہ فاطمہ ثنا شیخ کے ساتھ بھی اسی طرح کی تصویر ایڈیٹ کرنے کے بعد جھوٹی شادی کی خبر وائرل کروائی گئی تھی۔