محمد رضوان کونسے دو غیر ملکی کھلاڑیوں کو پی ایس ایل کے دوران اسلام کی تعلیم دیتے رہے؟ خود ہی بتا دیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں ان کی ٹیم میں شامل انگلش کھلاڑی ڈیوڈ ولی اور سنگاپورین کھلاڑی ٹم ڈیوڈ نے بارہا دینِ اسلام سے متعلق سوالات کیے . خبر رساں ویب سائٹ کے پروگرام میں ملتان سلطانز کے بولنگ کوچ مشتاق احمد سے بات چیت کرتے ہوئے رضوان نے کہا کہ ہمیں اپنے دین کو لے کر شرمانا نہیں چاہیے، نبی کریمﷺ کی سنتوں پر فخر کرنا چاہیے .

محمد رضوان نے کہا کہ جب غیر ملکی کھلاڑی ہم سے ہمارے دین اور نماز کے بارے میں پوچھتے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ انہیں ان سب میں سکون مل رہا ہے، ہم مسلمانوں کو عجیب لگ رہا ہوتا ہے کہ ہم ان کے سامنے نماز پڑھ رہے ہیں یا داڑھی رکھی ہوئی ہے لیکن انہیں اچھا لگ رہا ہوتا ہے . قومی کرکٹر کا کہنا تھا کہ ٹم ڈیوڈ اور ڈیوڈ ولی نے مجھ سے پی ایس ایل کے دوران اسلام کے بارے میں ڈھیروں سوالات پوچھے، جب نماز میں سجدے کے لیے بیٹھتے ہیں اور پاؤں کے ٹخنے پر نشان بنتا ہے، اس حوالے سے ڈیوڈ ولی نے مجھ سے پوچھا کہ نماز کی وجہ سے یہ نشان کیسے آتا ہے .

وکٹ کیپر بیٹر نے کہا کہ انہیں ہمارے دین سے لگاؤ ہے اور سمجھ بوجھ ہے . رضوان نے اپنے چاہنے والوں کو پیغام دیا کہ بحیثیت پاکستانی ایک دوسرے کے بارے میں مثبت سوچ رکھیں، ہمیشہ پاکستانی کرکٹ ٹیم سے اچھی امید رکھیں . انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کے کسی بھی اسٹیج پر کھیل رہے ہوں، برائے مہربانی بیٹنگ کے وقت دل میں یہ مت لائیں کہ اب بیٹر آؤٹ ہوجائے گا، یہی امید رکھیں کہ اب چوکا لگے گا یا اب چھکا لگایا جائے گا . ان کا کہنا تھاکہ ہمارے بولرز دنیا کے بہادر بولرز ہیں، بہت محنت کرتے ہیں، ہر کھلاڑی کے لیے ہمیشہ مثبت سوچ ہی رکھیں اور دعا کریں کہ ہم پاکستان کا نام روشن کریں . واضح رہے کہ اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کے دوران پاکستان کے بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن نے بھی رضوان سے اسلام کے بارے میں کئی سوالات کیے تھے، رضوان نے انہیں تحفے میں قرآن شریف بھی دیا تھا .

. .

متعلقہ خبریں