میٹا نے جدید ترین کمپیوٹر وژن شناخت نظام پر کام شروع کردیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)فیس بک، واٹس ایپ اورانسٹاگرام کی مرکزی کمپنی میٹا نے وی آر اور اے آر اشیا کی شناخت کےلیے دنیا کا سب سے جدید آٹومیٹڈ کمپیوٹر وژن سسٹم پیش کردیا۔ یہ نظام اپنی مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا بیس کی شکل میں اشیا کو سیکنڈوں میں شناخت کرسکتا ہے۔
ابتدائی خبروں کے مطابق اسے “ایس ایس ای آر” سسٹم کا نام دیا گیا ہے۔ یہ خودکار انداز میں سیکھتا ہے اور انٹرنیٹ تصاویر کو دیکھ کر کسی بیرونی مدد کے بغیر انہیں لیبل کرسکتا ہے۔ اس طرح ایک ہی منظر میں لاتعداد اشیا کی فوری اور درست شناخت کرسکتا ہے۔ تاہم میٹا نے یہ نہیں بتایا کہ یہ تکمیل کے کس درجے پر ہے۔ لیکن اتنا ضرور ہے کہ اب تک بنایا جانے والا یہ سب سے جدید ترین کمپیوٹروژن سسٹم بھی ہے۔

اس کی افادیت کا اندازہ یوں لگایئے کہ جب گزشتہ برس اس کا اعلان کیا گیا تھا تو میٹا نے کہا تھا کہ ایس ای ای آر کو ایک ارب تصاویر پر تربیت فراہم کی گئی ہے۔ اب شاید یہ قوت کئی گنا بڑھ چکی ہوگی۔ گزشتہ برس حقیقی دنیا کے مناظر اور ان میں موجود اشیا کی شناخت میں اس نے مہنگے ترین کمرشل نظاموں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا تھا۔
میٹا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایسے روایتی سسٹم امیراور ترقی یافتہ ممالک کی تصاویر پر تربیت حاصل کرتے ہیں لیکن نئے ایس ای ای ڈی نظام کو پوری دنیا کے ماحول پر منصفانہ تربیت دی گئی ہے اور یہ عالمی افادیت رکھتا ہے۔