اجے دیوگن اور اکشے کمار کی فلمیں 3 جون کو ریلیز کی جائیں گی
ممبئی(قدرت روزنامہ) بالی ووڈ کے اسٹارز اجے دیوگن اور اکشے کمار کی فلمیں ایک ہی تاریخ 3 جون 2022 کو ریلیز کی جائیں گی۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اجے کی فلم میدان اور اکشے کی پرتھویراج رواں سال 3 جون کو سینما گھروں کی زینت بننے کے لیے تیار ہے، دونوں فلمیں ایک ہی دن ریلیز ہوں گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ فلم پرتھویراج پروڈکشن کمپنی یش راج نے تیار کی ہے جس میں اکشے کمار کے ہمراہ منوشی چلر، سنجے دت اور سونو سود سمیت دیگر اداکار اپنے جلوے بکھیریں گے۔ یہ فلم 10 جون 2022 کو ریلیز ہونا تھی بعد ازاں فلم سازوں نے ریلیز کی نئی تاریخ 3 جون مقرر کرنے کا اعلان کردیا۔
اس اقدام کے بعد بالی ووڈ باکس آفس پر اجے دیوگن سے مقابلہ متوقع ہے کیوں کہ ان کی فلم میدان بھی 3 جون کو ریلیز ہوگی۔ فلم میں بونی کپور نے بحیثیت پروڈیوسر اپنی خدمات انجام دیں جبکہ امت ترویدی نے اسے ڈائریکٹ کیا ہے۔
خیال رہے کہ مذکورہ دونوں فلموں کی کہانی حقیقی کرداروں کے گرد گھومتی ہے۔ اکشے کمار اپنی فلم میں بہادر بادشاہ پریتھوراج چوہان کے کردار کے ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔اسی طرح اجے دیوگن اپنی فلم میدان میں سابق بھارتی فٹبال کوچ اور مینجر سید عبدالرحیم کا کردار نبھائیں گے۔