آٹا ، گھی ، چینی اور دالوں سمیت کون کونسی اشیا سستی کرنے جارہے ہیں؟ عوام کو بڑی خوشخبری سنا دی گئی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) آٹا، گھی، کوکنگ آئل، دالیں، چینی سمیت بیشتر اشیاء سستی ہو جائیں گی، عوام کو بڑا رمضان پیکج دینے کی تیاریاں، اربوں روپے کا ریلیف دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر بڑا رمضان پیکج دینے کی تیاری کرلی۔ نجی ٹی وی چینل سٹی 42 نیوز کی رپورٹ کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر 8 ارب28 کروڑ روپے کا رمضان ریلیف پیکج دینے کی تجویز ہے جس کے تحت 19 اشیائے ضروریہ پرسبسڈی دیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق پیکج کے تحت سب سے زیادہ سبسڈی گھی کے لیے مختص کرنے کی تجویز ہے جس میں گھی کیلئے 4 ارب 5کروڑ روپے کی سبسڈی کی تجویز دی گئی ہے ،آٹے پر 2ارب 53 کروڑ 40 لاکھ اور چینی پر 75کروڑ روپے کی سبسڈی کی تجویز ہے۔ذرائع کے مطابق باسمتی چاول پر ڈھائی کروڑ، سیلہ چاول پرایک کروڑ ،ٹوٹا چاول پر3 کروڑ 60 لاکھ، دال چنا پر3 کروڑ، دال مسورپر3 کروڑ اور سفید چنے پر 5 کروڑ روپے کی سبسڈی کی تجویز ہے۔جبکہ رمضان پیکج کے تحت دیگر اشیاء پر76کروڑ 50 لاکھ روپیکی سبسڈی کی تجویز ہے۔ حکومت نے گزشتہ سال7 ارب 84 کروڑ 26 لاکھ روپے کے رمضان پیکج کا اعلان کیا تھا۔ دوسری جانب وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ میں کہا ہے کہ ایک ہفتے میں 19 ایشاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، ان اشیاء میں برائلر مرغی کی فی کلو قیمت 25 روپے 95 پیسے بڑھنے سے 279 روپے 55 پیسے کی سطح پر پہنچ گئی ہے، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر217 روپے57 پیسے مہنگا ہونے سے نئی قیمت 2306 روپے بڑھ کر 2523 روپے کی سطح تک پہنچ گئی ہے۔اسی طرح گھی کے پیکٹ کی قیمت 16 روپے 71 پیسے اور اڑھائی کلو گھی کا ٹین 38 روپے 56 پیسے مہنگا ہوا ہے۔ مسٹرڈ آئل کی فی کلو قیمت 12 روپے 33 پیسے، خشک دودھ 5 روپے69 پیسے بڑھ گیا، اسی طرح گرم مصالحہ، دہی، چائے کی پتی، مٹن اور تازہ دودھ کی قیمت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ حالیہ ہفتے 13 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی، ان اشیاء میں ٹماٹر فی کلو 37 روپے 28 پیسے، انڈے فی درجن10 روپے71 پیسے، پیٹرول اور ڈیزل فی لیٹر10 روپے سمیت لہسن، دالوں، چینی، پیاز اور گڑ کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔اسی طرح رواں ہفتے 19 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔دوسری جانب گزشتہ روز کی رپورٹ کے تحت عالمی مارکیٹ میں7 ڈالر کے اضافے سے فی اونس سونا 1935 ڈالر ہو گیا جس کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونا مزید مہنگا ہو گیا۔ آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق ملکی صرافہ مارکیٹوں میں جمعرات کو 50 روپے کے اضافے سے فی اونس سونا ایک لاکھ 28 ہزار850 روپے کا ہو گیا جبکہ 43 روپے کے اضافے سے دس گرام سونے کی قیمت ایک لاکھ 10ہزار408 روپے ہوگئی ہے۔