سلمان خان اور سوناکشی سنہا کی شادی کی ایک اور تصویر وائرل
ممبئی(قدرت روزنامہ) بالی ووڈ کے سلو میاں اور اداکارہ سوناکشی سنہا کی شادی کی ایک اور تصویر وائرل ہورہی ہے۔بالی ووڈ کی دبنگ اداکارہ سوناکشی سنہا اور سلمان خان کی کچھ روز قبل سوشل میڈیا پر ایک تصویر وائرل ہوئی تھی جس میں دونوں دلہا دلہن بنے ہوئے تھے اور سلمان خان سوناکشی سنہا کو شادی کی انگوٹھی پہنا رہے تھے۔
اس تصویر کے بارے میں سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جارہا تھا کہ یہ دونوں کی شادی کی تصویر ہے اور دونوں نے خفیہ شادی کرلی ہے۔ بعد ازاں بھارتی میڈیا میں اس دعوے کو غلط ثابت کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ تصویر جعلی ہے اور کسی نے ایڈٹ کرکے وائرل کی ہے۔
سوناکشی سنہا نے اپنی اور سلمان خان کی شادی کی تصویر پر ردعمل دیتے ہوئے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ آپ لوگ بیوقوف ہیں جو ایک جعلی اور اصل تصویر میں فرق نہیں کرسکتے۔
اب ایک بار پھر سلمان خان اور سوناکشی سنہا کی شادی کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں دونوں دلہا دلہن بنے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
تاہم یہ تصویر بھی پہلی والی تصویر کی طرح جعلی ہے۔ دراصل جو تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے وہ اداکار ورورن دھون اور نتاشا دلال کی شادی کی ہے اور ایک بار پھر کسی نے شرارت کرتے ہوئے ان دونوں کے چہروں کی جگہ سلمان خان اور سوناکشی سنہا کا چہرہ لگادیا ہے۔