سینیٹ الیکشن، PTI کو دھچکا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)فیصل واؤڈا کی نااہلی کے فیصلے کے بعد سینیٹ کی کراچی سے خالی ہونے والی نشست پر ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کو دھچکا لگا ہے . ذرائع نے بتایا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے سینیٹ کی اس نشست کے الیکشن کے بائیکاٹ کے اعلان کے باوجود پی ٹی آئی کے کئی ارکانِ سندھ اسمبلی ووٹ دینے پہنچ گئے .


ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رکن دیوان سچل نے اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا . ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پارٹی قیادت کی جانب سے منع کیے جانے کے باوجود پی ٹی آئی کے رکنِ سندھ اسمبلی کریم بخش گبول بھی سندھ اسمبلی پہنچ گئے .

الیکشن کا کس کس نے بائیکاٹ کیا؟
واضح رہے کہ پہلے پی ٹی آئی، پھر ایم کیو ایم اور اس کے بعد گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی جانب سے بھی فیصل واؤڈا کی دہری شہریت کے باعث نااہلی کے سبب خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست پر آج ہونے والی ووٹنگ میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا گیا تھا .
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی قیادت کی جانب سے اپنی اتحادی جماعتوں ایم کیو ایم اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے رہنماؤں سے اس حوالے سے رابطہ کر کے ان سے بھی سینیٹ انتخاب میں حصہ نہ لینے کی سفارش کی گئی تھی .
اس سے قبل فیصل واؤڈا کی دہری شہریت کے باعث نااہلی کے سبب خالی ہونے والی نشست پر آغا ارسلان کو پی ٹی آئی نے اپنے امیدوار کے طور پر کھڑا کیا گیا تھا . فیصل واؤڈا کی سینیٹ کی خالی نشست پر آج ضمنی انتخاب کے لیے سندھ اسمبلی میں پولنگ 5 بجے تک جاری رہے گی .

. .

متعلقہ خبریں