اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنماء اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہٰی نے کہا ہے کہ حکومت چھوڑی ہے اور نہ ہی اپوزیشن میں شامل ہوئے ہیں . میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم اتحادی ہیں اور الگ جماعت ہیں ، جماعتوں کی مختلف آراء ہوتی ہیں لیکن فیصلے مشاورت سے کیے جاتے ہیں ، حکومت کا حصہ ہیں ہر مشکل وقت میں حکومت کا ساتھ دیا ہے .
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ایماندار اور ان کی نیت بھی اچھی ہے ، عوامی مسائل کی نشاندہی آج نہیں کی پہلے دن سے کر رہے ہیں ، اتحادیوں کے ساتھ مشاورت سے چلا جائے تو حکومت کا اپنا فائدہ ہے . گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنماء اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی نے کہا تھا کہ سارے اتحادیوں کا 100فیصد رجحان اپوزیشن کی طرف ہے، عمران خان 100فیصد مشکل میں ہیں ، حکومت میں عقل ودانش اور سمجھداری کا 100فیصد فقدان نظر آرہا ہے ، ن لیگ، پیپلزپارٹی، مولانا کا اتحاد پکا اور دیرپا ہے، مخالفین ایک شخص کیخلاف ایک ہوں تو تلخیاں بھلا دیتے ہیں ، تمام جماعتوں نے ہمیں پیش کش کی ہے، مگر حکومت نے نہیں کی، نیوٹرل صرف جانور ہوتا ہے، پہلے سوچو، پھر تولو اور پھر بولو، چاہتے ہیں کہ ملک کا امن خراب نہ ہو، حکومت کے گھبراہٹ اور غصے کے فیصلے سامنے آرہے ہیں ، بس ایک ہی شخص گھبرایا ہوا پھر رہا ہے ، پہلے حکومت جلسوں کے اعلان منسوخ کرے اور پھر اپوزیشن، ہم نے ہر مشکل وقت میں حکومت کا ساتھ دیا، حکومت نے تعلقات نہیں بنائے، سب سے بگاڑے ضرور ہیں، حکومت نے تعلقات بنائے نہیں بگاڑے ہیں .
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ایم کیو ایم اور باپ پارٹی کے کچھ تحفظات ہیں، اکیلے نہیں سب اکٹھے فیصلے کریں گے، ہم فیصلے کے تقریباً قریب پہنچ چکے ہیں، ہمارا فیصلہ ایم کیو ایم کی وجہ سے رکا ہوا ہے، ایم کیو ایم کے آصف زرداری کے ساتھ کچھ مسائل ہیں، کل کی ملاقات میں ایم کیو ایم کے 70 فیصد مسائل حل ہو گئے، پیپلزپارٹی اور ن لیگ فیصلہ کرچکے ہیں کہ ڈیڑھ سال پورے کرنے ہیں، اپوزیشن میں آصف علی زرداری ضامن ہوں گے، شہبازشریف سے بات ہوئی ہے، جلد دوبارہ ملاقات ہوگی .
. .