تحریک عدم اعتماد عوامی طاقت سے ناکام بنائیں گے،فواد چوہدری

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ 27 مارچ کو ڈی چوک پر تاريخ کا بڑا عوامی اجتماع ہوگا . عوام کی طاقت سے تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنائیں گے .


اسلام آباد میں وفاقی وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہمارا اصل ہدف 27 مارچ کو ڈی چوک پر ہونیوالا جلسہ ہے، پورا پاکستان اس وقت عمران خان کو دیکھ رہا ہے، اس کی سیاست عوام کی سیاست ہے، ہم عوامی سیاست سے خود کو الگ نہیں کریں گے .
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت بچانے کيلئے بليک ميلنگ،سودےبازی کو مسترد کرتے ہيں . انہوں نے کہا کہ ايک خاتون ايم اين اےکو7کروڑروپے دیئے گئے، سندھ ہاؤس آج کا چھانگا مانگا ہے .
وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ افسوس کی بات ہے کہ یہ پیسہ کہاں سے آرہا ہے، کراچی سمیت سندھ بھر میں لوگوں کے پاس پینے کا پانی نہیں لیکن جہازوں میں پیسے بھر کر یہاں آئے، سندھ ہاؤس نیا چھانگا مانگا بن گیا، یہاں لوگوں کے ضمیر خریدے اور بیچے جارہے ہیں .
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جو بندہ کہتا ہے کہ ضمیر کی آواز پر ووٹ دے رہا ہوں، ان بے شرموں کو کہنا چاہتا ہوں کہ عمران خان کے نام پر ووٹ لیا، استعفیٰ دو، اگر شکایت ہے تو واپس جاکر الیکشن لڑوں اور پھر یہاں آؤ، یہ کسی کے باپ کا نہیں عمران خان کا ووٹ ہے، ایسے لوگوں کیخلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے .
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عوام کا فرض ہے کہ 90ء کی ’ڈیکڈ آف ڈاکنیس‘ کو مسترد کریں اور عمران خان کا ساتھ دیں، پورے ملک میں پی ٹی آئی کارکنان مشتعل ہیں، انہیں کہنا چاہتا ہوں کہ قانون کے مطابق اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں .
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ عمران خان کو آپ نے سپورٹ کيا وہ آپ کومايوس نہيں کرے گا . آئین و قانون میں جو بھی بھی حق حاصل ہے وہ استعمال کرينگے .
اسد عمر کا کہنا تھا کہ عمران خان کل بھی اصول اور نظریئے پرکھڑے تھے آج بھی کھڑے ہیں، پی ٹی آئی آخری وقت تک مقابلہ جاری رکھے گی . انہوں نے کہا کہ یہ لوگ جمہوریت کا صرف نام استعمال کرتے ہیں مگر ہم اقتدارکےلئے کوئی سودے بازی نہیں کرینگے .
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ سندھ ہاؤس ميں جوہوا،وہ’’روکڑے‘‘کی آوازہے، يہ وہ نظام ہے جس کے خلاف عمران خان کھڑاہے .

. .

متعلقہ خبریں