کورونا سے اموات کا سلسلہ جاری، مزید 7 افراد جاں بحق، 183 نئے مریض سامنے آ گئے

لاہور(قدرت روزنامہ)کورونا سے اموات کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید سات افراد جاں بحق، 183 وبا میں مبتلا ہو گئے۔
این سی او سی کے مطابق پاکستان میں کورونا سے مجموعی اموات کی تعداد تیس ہزار تین سو چھبیس ہو گئی ہے جبکہ ایکٹو کیسز کی تعداد سولہ ہزار آٹھ سو پچھتر ہے۔ ملک میں پندرہ لاکھ بیس ہزار آٹھ سو سترہ افراد کورونا سے متاثر ہوئے ،چودہ لاکھ تہتر ہزار چھ سو سولہ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ایک سو تراسی نئے مریض سامنے آئے، ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح صفر اعشاریہ چھ چار فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ کورونا سے متاثر 525 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
سندھ میں کورونا کیسز کی سب سے زیادہ تعداد 5 لاکھ 72 ہزار 868 ہے، پنجاب 5 لاکھ 4 ہزار 219، خیبرپختونخوا 2 لاکھ 18 ہزار 503 جبکہ بلوچستان میں 35 ہزار 454 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک لاکھ 34 ہزار 910، گلگت بلتستان میں 11 ہزار 657 کیسز اور آزاد کشمیر میں کورونا مریضوں کی تعداد 43 ہزار 206 ہو گئی ہے۔