برتن دھونے سے ذہنی تناؤ کم ہوتا ہے؟ تحقیق
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)برتن دھونے سے کئی خواتین کو الجھن ہوتی ہے لیکن شاید وہ اب تک اس بات سے بےخبر ہیں کہ برتن دھونے سے ان کو ذہنی تناؤ (Stress) جیسی بیماری سے نجات مل سکتی ہے . ماہرین کا کہنا ہے کہ برتن دھونا خواتین کےلئے اچھا ہے، اگرآپ روزانہ برتن دھوئیں تو اس سے آپ کا ذہنی دباؤ ختم ہوتا ہے .
ماہرین کے مطابق اگر آپ پوری توجہ کے ساتھ برتن دھوئیں تو اس سے آپ کو دماغی سکون ملتا ہے اور آپ ذہنی دباؤ کا شکار نہیں ہوتے .
فلوریڈا اسٹیٹ یونیورسٹی کے تحقیق کاروں نے یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ آیا روزمرہ کے کام کاج کی انجام دہی کے دوران کیا ذہنی دباؤ اور پریشانی کا علاج کیا جا سکتا ہے؟
تحقیق کے نتیجے سے ثابت ہوا کہ ایسا بالکل ممکن ہے، جیسا کہ محققین نے برتن دھونے کو ‘مائنڈ فل نیس’ یا ایک قسم کے مراقبے کی مشق کے ساتھ منسلک کیا ہے، جو موجودہ لمحے کی سوچ اور خیالات پر توجہ مرکوز رکھنے کی ایک مشق ہے یا اپنی سوچوں سے آگاہی حاصل کرنے کا ایک طریقہ ہے .
امریکی محققین کے مطابق یہ خیال مکمل طور پر نیا نہیں ہے، جیسا کہ ایک گذشتہ مطالعے میں بتایا گیا تھا کہ گھریلو کام کاج اور خاص طور پر برتن دھونا آرام کے لیے ایک اچھا موقع ہو سکتا ہے .
برتن دھونے کے کام کو روایتی طور پر اکتا دینے والا اور مشقت کا کام سمجھا جاتا ہے، لیکن یہ کام دن کے اختتام پر ذہنی تھکاوٹ دور کرنے کے لیے ایک موثر طریقے کے طور پر کام کرسکتا ہے .