بختاور بھٹو کو گلف نیوز کی رپورٹر ثناء جمال پر تنقید کرنا مہنگا پڑ گیا

کراچی (قدرت روزنامہ) سابق صدر آصف زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کو گلف نیوز کی رپورٹر ثناء جمال پر طنز کرنا مہنگا پڑ گیا کیونکہ ان کے طنزیہ جواب پر سوشل میڈیا صارفین چپ نہ رہ سکے اور انہوں نے بختاور بھٹو کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔صارفین نے بختاور بھٹو پر تنقید کیساتھ گلف نیوز کی نامہ نگار کے حق میں بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہر شخص اپنی رائے میں آزاد ہے۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کی جماعتوں کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف جمع کرائی گئی تو تحریک عدم اعتماد پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے گلف نیوز کی نامہ نگار ثناء جمال نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد اصل میں پاکستان کے خلاف ہے۔ثناء جمال نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ وقت عمران خان بمقابلہ حزب اختلاف نہیں ہے۔ بلکہ یہ پاکستان بمقابلہ کرپٹ سیاسی خاندان ہیں۔


تاہم بختاور بھٹو زرداری نے گلف نیوز کی رپورٹر ثناء جمال پر طنز کرتے ہوئے جوابی ٹوئٹ میں لکھا کہ ایک نام نہاد صحافی کی جانب سے اس طرح کھلے عام متعصبانہ ٹوئٹس پر گلف نیوز کو نوٹس لینا چاہیے۔ بختاور بھٹو زرداری نے مزید لکھا ہے کہ آپ آنکھوں سے نابینا ہیں آپ کی ہمت کیسے ہوئی کہ مفروضوں کی بنیاد پر الزامات لگاسکتی ہیں؟ سابق صدر کی صاحبزادی کا کہنا ہے کہ آپ کی معلومات کے لیے بتانا چاہتی ہوں کہ اپنے کرپشن کے پیسوں کا جواب نہ دینے کے لیے صرف ایک شخص عدالتوں سے چھپتا پھر رہا ہے اور وہ ہے عمران خان۔


سوشل میڈیا صارفین نے بختاور بھٹو زرداری کے ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہر شخص کا اپنا ایک رائے ہوتی ہے اور وہ اپنی رائے کا استعمال کہیں بھی کسی کے لیے بھی کرسکتا ہے ، اگر کوئی شخص کسی ادارے سے منسلک ہے تو اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ وہ اپنی سوچ کر سمیٹ کر الماری میں بند کردے۔ ثناء جمال گلف نیوز کی کارکن بعد میں ہے پہلے وہ ایک جیتی جاگتی باشعور انسان ہے۔ اور آپ کسی بھی باشعور انسان کو سوچنے یا بولنے سے نہیں روک سکتے ۔سوشل میڈیا صارفین نے مزید کہا ہے کہ ثناء جمال نے اپنے ٹوئٹ میں کسی کا نام نہیں لیا ہے ، کرپٹ سیاسی خاندان اور پاکستان کا ذکر کیا ہے ، اور اگر آپ کرپٹ نہیں ہیں تو پھر تو یہ آپ کا مسئلہ ہی نہیں کہ ثناء جمال نے کسی خاندان کو کرپٹ کہا ہے۔
خیال رہے کہ بلاول اور آصفہ کی نسبت بختاور بھٹو زرداری سوشل میڈیا پر کافی ایکٹیو رہتی ہیں اور ان کی متعدد پوسٹیں وائرل بھی ہوتی ہیں۔ گزشتہ دنوں بھی انہوں نے اپنے بیٹے میر حاکم علی کی سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے ہمراہ تصویر پوسٹ کی تھی جس میں نواسے اپنی مرحومہ نانی کو نہایت محبت بھری نگاہوں سے دیکھ رہے تھے یہ تصویر سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوئی تھی اور لوگوں نے اس تصویر کو بہت پسند کیا تھا۔
یہاں یہ بتاتے چلیں کہ بختاور بھٹو زرداری سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی ہیں لیکن وہ اپنے بھائی بلاول بھٹو سے کم عمر ہیں۔ ان کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ ایسے وقت میں پیدا ہوئیں جب کہ ان کی والدہ وزارت عظمیٰ کے عہدے پر براجمان تھیں۔ اس طرح بختاور بھٹو زرداری حاضر سروس وزیر اعظم کے ہاں پیدا ہونے والی دنیا کی پہلی بچی کا اعزاز بھی رکھتی ہیں، ان کی پیدائش کے وقت بینظیر بھٹو نے وزارت عظمیٰ سے چھٹیاں لی تھیں۔