عمران خان تنہا ہوچکے، حکومت کی 3 بڑی اتحادی جماعتوں کی طرف سے اپوزیشن کی حمایت کا دعویٰ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) حکومت کی 3 بڑی اتحادی جماعتوں کی طرف سے اپوزیشن کی حمایت کا دعویٰ سامنے آگیا . پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں شامل 3 بڑی اتحادی جماعتوں نے اپوزیشن کی حمایت کا فیصلہ کرلیا ہے ، ان جماعتوں میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان ، مسلم لیگ ق اور بلوچستان عوامی پارٹی ( بی اے پی) شامل ہیں جن کی طرف سے 25 مارچ کو اپوزیشن کی حمایت کا اعلان کیے جانے کا امکان ہے .

ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ حکومت کی اتحادی جماعتیں چوہدری برادران کی رہائش گاہ پرایک مشترکہ پریس کانفرنس میں اپوزیشن کی حمایت کا اعلان کریں گی ، ساتھ ہی یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے 2 ارکان کی طرف سے بھی اپوزیشن کی حمایت کااعلان کیا جائے گا . میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت کی اتحادی جماعتوں کی جانب سے اپوزیشن کی حمایت کے حوالے سے حکمت عملی تیار کی جارہی ہے ، جس کے بارے میں حکومتی اتحادیوں نے باضابطہ تصدیق نہیں کی .

ادھرحزب اختلاف جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بھی یہ کہہ چکے ہیں کہ حکومت کے اتحادی اب اس کے ساتھ نہیں رہے‘ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی یقینی ہے ، کراچی میں ایم کیو ایم رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت کے اتحادی اب ان کے ساتھ نہیں رہے تاہم انہیں ہمارے ساتھ ہونے کا اعلان کرنے میں ایک دو دن لگ سکتے ہیں لیکن ایم کیو ایم قیادت سے ملاقات کے بعد مکمل مطمئن ہوں اور اب تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کا یقین ہے کیوں کہ عمران خان تنہا ہوچکے ہیں . فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان اور ان کے جماعت کے لوگ غیر مناسب تقاریر کرتے ہیں ، جلسوں میں جو زبان استعمال ہوئی وہ کسی شریف انسان کی نہیں ، پی ٹی آئی والے سر تا پاؤں تک منکرات سے بھرے ہوئےہیں ، سمجھتا ہوں کہ اتنے بڑے منصب پر ایسے لوگوں کا ہونا مناصب کی بے توقیری ہے ، موجودہ حالات پر اپوزیشن اور ایم کیوایم میں مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے .

. .

متعلقہ خبریں