اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ فوج سے آج بھی اچھے تعلقات ہیں،نیوٹرل والی بات کا غلط مطلب لیا گیا . تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے صحافیوں سے ملاقات کے دوران سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار سے ملاقات کی تصدیق کر دی .
انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار سے ملاقات ہوئی ہے،چوہدری نثار سے 40 سال پرانا تعلق ہے،ان سے میری ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں .
،کسی صورت استعفیٰ نہیں دوں گا، کسی کی غلط فہمی ہو سکتی ہے کہ گھر بیٹھ جاؤں گا . کیا چوروں کے کہنے پر استعفیٰ دوں . کیا لڑائی سے پہلے ہاتھ کھڑے کر دوں . تحریک عدم اعتماد والا میچ ہم جیتیں گے . وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن کی سیاست ختم ہونے جا رہی ہے،ووٹنگ سے ایک دن پہلے اپوزیشن کو سرپرائز ملے گا .
استعفے کی باتیں کرنے والے مجھے جانتے ہی نہیں، آخری گیند تک لڑوں گا .
کسی بھی صورت این آر او نہیں ملے گا،شہباز شریف کے ساتھ بیٹھ کر اپنی توہین کیوں کروں . اپوزیشن پہلے سے سارے کارڈ شو کر چکی ہے . اپوزیشن کو معلوم ہی نہیں کہ عدم اعتماد کے دن ان کے کتنے لوگ رہ جائیں گے . وزیراعظم نے کہا کہ تحریک انصاف کی مقبولیت میں حالیہ دنوں میں بےپناہ اضافہ ہوا ہے . وزیراعظم نے پاک فوج کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے کہا کہ پاکستان آج بچا ہوا ہے تو پاک فوج کی وجہ سے بچا ہوا ہے .
نیوٹرل والی بات کا غلط مطلب لیا گیا،نیوٹرل والی بات اچھائی کا حکم دینے اور برائی سے روکنے کے تناظر میں کی . وزیراعظم نے کہا کہ فوج سے آج بھی اچھے تعلقات ہیں . فوج کو غلط تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے . انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پی پی کی سیاست چوری بچانا ہے . مولانا فضل الرحمن سیاست کا بارہواں کھلاڑی ہے . یہ لوگ اپنی کرپشن بچانے کے لیے میرے خلاف اکٹھے ہو گئے ہیں . سپریم کورٹ ریفرنس اس لیے بھیجا تا کہ ووٹوں کی خریدو و فروخت میں رکاوٹ ہو .